سرینگر (ممتازنیوز) مقبوضہ جموں و کشمیر میں جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنماءاور چیرمین اسلامی تنظیم آزادی عبدالصمد انقلابی کی والدہ عبدالصمد انقلابی ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں وفات پاگئیں، وہ کافی عرصے سے علیل تھیں۔عبدالصمد انقلابی دیگر حریت رہنماﺅں کی طرح بھارتی ریاست اترپردیش کی جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند ہیں ۔ انکی والدہ اپنے بیٹے سے ملاقات کی آخری خواہش دل میں لئے اس دنیا سے کوچ کر گئی ہیں کیونکہ قابض انتظامیہ نے انہیں اپنے بیٹے سے ملاقات کی اجازت نہیں دی تھی۔ عبدالصمد انقلابی جنوری1991 سے لیکر آج تک 30 سے زیادہ مرتبہ بھارت کی جیلوں اور عقوبت خانوں میں قید رہے۔ ان کے والد جب فوت ہوئے تو وہ جیل میں بند تھے۔دو بھائیوں کی شادیاں ہوئیں تووہ جیل میں بند تھے, بہن کی شادی ہوئی تو اس وقت بھی عبدالصمدانقلابی پابند سلاسل تھے, بھتیجے اور بھتیجی کی شادیاں تو اس وقت بھی وہ جیل خانے میں بند تھے۔ آج رات والدہ کا بیٹے کے غم میں سسکتے ہوئے انتقال ہوگیا اور بیٹا بھارت کے بدنام زمانہ جیل اترپردیش کے وارانسی جیل میں قید ہیں۔ کئی حریت رہنماوں نے عبدالصمد انقلابی کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے ،حریت کانفرنس کی سینئر رہنماءاو جمو ں وکشمیر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے بھی عبدالصمد انقلابی کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں مرحومہ کے لئے دعائے مغفرت او ر لواحقین کے لئے صبر وجمیل کی دعاءکی ہے ، فریدہ بہن جی نے کہا کہ جیل میں قید حریت رہنماءعبدالصمد انقلابی کے لئے ماں کی جدائی ایک ایسا دکھ ہے جس کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے ،انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ عبدالصمد انقلابی کی رہائی کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ وہ اپنی والدہ کا آحری دیدار اور ان کے جنازے میں شریک ہوسکیں، علاوہ ازیں عبدالصمد انقلابی کی فوری رہائی کےلئے اسلام آباد میں مقیم تنظیم کے نمائندے عبد المجید لون, پارٹی ترجمان محمد عمیر اور اہل خانہ نے دنیا کی تمام انسانی حقوق کی عالمی و ملکی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ عبد الصمد انقلابی کی فوری رہائی کےلئے اقدامات کریں تاکہ وہ والدہ کے اس ناقابل برداشت دکھ کو گھر والوں کے ساتھ مل کر بانٹ سکیں۔ اہل خانہ کا کہنا ہے اس طرح کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے بھارت اہل کشمیر کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کرسکتا۔ انھوں نے کشمیر کی آزادی تک جدوجہد کا جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے ۔،حریت کانفرنس کے دیگر رہنماوں نے بھی عبدالصمد وانی کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے ۔۔
مقبوضہ کشمیر:غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنماءعبدالصمد انقلابی کی والدہ وفات پاگئیں








