بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت: سرکاری بینک سے 1.8 کلو سے زائد سونا چوری ہوگیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)جرائم پر مبنی ہسپانوی ٹی وی سیریز ’منی ہائیسٹ‘ کو بھارتی ڈکیتوں نے حقیقت کا رنگ دے دیا۔ ڈاکو کانپور کے سرکاری بینک میں موجود 1.8 کلو سونا چرا لے گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب رات گئے کانپور کے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے تہہ خانے میں ڈکیت بذریعہ سرنگ داخل ہوکر  1.8 کلو گرام سے زائد سونا لوٹ کر لے گئے۔

پولیس کی جانب سے یہ کانپور کی گزشتہ 25 برسوں کی تاریخ کی سب سے بڑی چوری قرار دی جارہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوں نے بینک میں داخل ہونے کے لئے 8 میٹر لمبی، 5 میٹر چوڑی اور 3 فٹ گہری سرنگ کھودی جس کا دوسرا سرا بینک سے منسلک خالی پلاٹ میں کُھلتا ہے جو جھاڑیوں سے ڈھکا ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق اس سرنگ کی کھدائی میں کئی دن لگے ہونگے اس لئے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بینک کے عملے میں سے کوئی ڈاکوؤں کے ساتھ ملا ہوا ہے۔

بینک افسران میں سے ایک کے مطابق ڈاکوؤں نے الارم سسٹم کو غیر فعال کر دیا اور تہ خانے میں موجود واحد سی سی ٹی وی کیمرے کو بھی دوسری طرف موڑ دیا۔

پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے بینک سے صرف تمام سونا جس کا وزن 1.812 کلوگرام ہے، لوٹ لیا ہے تاہم اس سے ملحقہ لاکر میں موجود 35 لاکھ روپے کو ہاتھ نہیں لگایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں تعزیرات ہند کی دفعہ 379 (چوری) کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 1997 میں اسی نوعیت کی ڈکیتی کی کوشش ایس بی آئی بینک میں بھی کی گئی تھی، جس کے بعد بر وقت کارروائی کر تے ہوئے ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔