اسلام آباد (ممتازنیوز) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ایم امجد خان نیازی نے کہا کہ پاکستان کی بلیو اکانومی میں اچھی خاصی کاروباری صلاحیت موجود ہے جس سے ابھی تک استفادہ نہیں کیا جا سکا اور تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ کاروباری اور اقتصادی سرگرمیاں کو مذید فروغ دینے کے لئے ان مواقعوں سے بھر پور فائدہ اٹھائے ۔
وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو کررہے تھے جس نے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔
ایڈمرل ایم امجد خان نیازی نے کہا کہ 2023 تک میری ٹائم انڈسٹری میں مضبوط اور مستحکم ترقی متوقع ہے جس سے روزگار کے وسیع تر مواقع پیدا ہوں گے اور انٹرپرینیورشپ اور تجارت کی نئی راہیں کھلیں گی اور انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ نجی شعبہ اس صنعت میں کاروبار کے مواقع تلاش کرے ۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ میری ٹائم افیئرز کی سرپرستی میں 10 سے 12 فروری 2023 تک پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے تاکہ میری ٹائم سیکٹر کی ترقی کی رفتار کوتیز کیا جا سکے انہوںنے آئی سی سی آئی کواس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔رئیر ایڈمرل محمد فیصل عباسی، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپس) نے کہا کہ تاجر برادری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اسے دفاعی شعبے کو مذید مضبوط بنانے کے لیے دفاعی آلات اور مصنوعات کی مقامی پیداوار کو فروغ دینے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے قیام کی منظوری دی گئی ہے جس کی تعمیر سے کاروباری برادری کے لیے بھی تجارت کے مذید مواقع پیدا ہوں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے آئی سی سی آئی کے وفد کو ملاقات کے لیے وقت دینے پر نیول چیف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی فریگیٹس اور دیگر دفاعی نظام کی تیاری کی اپنی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بہت سے پرزے اور آلات درآمد کر رہی ہے اور آئی سی سی آئی پاکستان نیوی کے ساتھ مل کر فریگیٹس اور دیگر نظاموں کی مقامی پیداوار کو فروغ دینا چاہتا ہے جس سے مقامی صنعت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی ساز و سامان کی مقامی پیداوار سے درآمدی بل میں کمی آئے گی اور ملک کے قیمتی زرمبادلہ کے ذخائر کی بچت ہوگی۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ پاکستان کی 1000 کلومیڑ سے زائد طویل ساحلی لائن ہے جس میں سیاحت کی ترقی کے اچھے خاصے مواقع پائے جاتے ہیں اور انہوں نے ساحلی سیاحت کے فروغ کے لیے آئی سی سی آئی اور پاک بحریہ کے درمیان قریبی تعاون پر زور دیا۔آئی سی سی آئی کے وفد میں سابق صدور ظفر بختاوری، زاہد مقبول، محمد اعجاز عباسی، سابق سنیئر نائب صدر خالد محمود چوہدری، سابق نائب صدر سیف الرحمن، ایگزیکٹو ممبر راجہ محمد امتیاز اور سابق ایگزیکٹو ممبر ضیاء خالد چوہدری بھی شامل تھے۔
تاجر برادری بلیو اکانومی کی صلاحیت سے بھر پور استفادہ کرے،نیول چیف








