بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

گوادر میں حق دو تحریک کے دھرنے کے شرکاء پر پولیس کا تشدد،درجنوں گرفتار

گزشتہ رات بلوچستان حکومت نے گوادر شہر میں “حق دو تحریک” کے پرامن احتجاجی دھرنے کے شرکاء کے خلاف طاقت کا استعمال کیا، پولیس آپریشن کیا گیا، لاٹھی چارج کیا گیا، آنسوگیس داغی گئی، دھرنے کے قائدین و شرکاء میں سے درجنوں کو گرفتار کیا گیا اور سینکڑوں پر تشدد کیا گیا – لیکن دن نکلتے ہی گوادر کے گھر گھر سے مرد و خواتین اس تشدد اور اپنے قائدین کی گرفتاری کے خلاف گوادر کی سڑکوں پر امڈ آئے – پسنی، اوماڑہ سے لے کر گوادر تک احتجاج پھیل گیا – گوادر میں جماعتِ اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمٰن کی قیادت میں حق دو تحریک” کا پرامن دھرنا گزشتہ دو مہینوں سے جاری ہے، مطالبات میں صاف پانی، بجلی، گیس، صحت، تعلیم اور روزگار کی فراہمی، ماہی گیری اور بارڈر تجارت کی اجازت، رشوت اور منشیات کا خاتمہ اور سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر مقامی لوگوں کے تذلیل کا خاتمہ وغیرہ شامل ہیں – لیکن بے حس وفاقی و صوبائی حکمرانوں کو ان کے جائز مطالبات تسلیم کرنے کی توفیق نہ ہوئی بلکہ گزشتہ رات مقامی لوگوں کے خلاف طاقت استعمال کر کے عوام کو مشتعل کرنے اور گوادر کا امن تباہ کرنے کی کوشش کی گئی -ہم اہلیانِ پنجاب وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گوادر سمیت بلوچ عوام کو ان کے جائز حقوق دئیے جائیں – انہیں کرپٹ سرداروں اور جاگیر داروں کے ذریعے کنٹرول کرنے کی بجائے محبت، انصاف اور ایثار سے گلے لگایا جائے – انہیں صاف پانی، بجلی، گیس، صحت، تعلیم اور روزگار کی فراہمی یقینی بنائی جائے – ماہی گیری اور بارڈر تجارت کی بلا تعطل اجازت دی جائے – رشوت اور منشیات کا مکمل خاتمہ کیا جائے – سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر مقامی لوگوں کے تذلیل کا سلسلہ بند کیا جائے – تشدد اور دھمکی کی بجائے محبت، انصاف اور ایثار کا رویہ اپنایا جائے – اہلیانِ گوادر اور بلوچ قوم کے خلاف طاقت کا استعمال ناقابلِ قبول ہے – تمام گرفتار افراد کو رہا کر کے تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے – گوادر کی ترقی، پاکستان کی ترقی ہے لیکن اہلیانِ گوادر کی ترقی کے بغیر گوادر کی ترقی بھی مستحکم نہیں ہو سکتی –