اسلام آباد ( ملک نجیب ) وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران ڈکیتی ، راہزنی ، قفل شکنی اور کار و موٹر سائیکل چوری کی 124 وارداتیں رپورٹ ہوئیں ، سب سے زیادہ وارداتیں انڈسٹریل ایریا زون میں کی گئیں ۔ دوسرے نمبر پر رورل اور تیسرے نمبر پر صدر زون میں وارداتیں کی گئیں ۔ اسلام آباد کے شہریوں کے تحفظ کے لئے حال ہی میں تعینات ہونے والے انسپکٹر جنرل آف اسلام آباد پولیس احسن یونس نے تمام زونز کے ایس پیز ، ڈی ایس پیز اور اے ایس پیز بھی تبدیل کئے ۔ آئی جی اسلام آباد کی تعیناتی سے تاحال مجموعی طور پر 14 مبینہ پولیس مقابلے ہوئے جو کہ گزشتہ تین سالوں کے ریکارڈ توڑ مقابلے ہیں۔ اسلام آباد میں گزشتہ تین سالوں میں مجموعی طور پر چودہ پولیس مقابلے ہوئے اور احسن یونس کی تعیناتی سے اب تک ہونے والے چودہ مبینہ پولیس مقابلوں میں 6ڈاکو ہلاک ہوئے جبکہ چار پولیس اہلکار شہید ہوئے ۔ ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد کی ترجیحات میں منشیات فروشی ، قبضہ مافیا اور ریکارڈ یافتہ کریمینلز کے خلاف کارروائیاں شامل ہیں ۔ شہر میں ہونے والی چوری ، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں پر قابو پانے کے لئے آئی جی کی جانب سے کوئی حکمت عملی مرتب نہیں کی گئی ہے تاہم آئی جی اسلام آباد نے فحاشی کی روک تھام کے لئے سپیشل برانچ کو متحرک کر دیا ہے اور سپیشل برانچ کی رپورٹ پر اسلام آباد میں قائم متعدد مساج سنٹروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ مذکورہ بالا تینوں زونز میں نئے ایس پیز تعینات کئے گئے ہیں جہاں پر روزانہ کی بنیادوں پر ڈکیتی ، چوری اور راہزنی کی تقریباً 6 وارداتیں رپورٹ ہوتی ہیں ۔