جدہ(ممتازنیوز)مسلم لیگ(ن) سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمداور جدہ کے صدر عمرمسعود پوری نے پاکستانی قوم کو نئے سال2023کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ حالات کا تقاضا ہے کہ ہم ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھیں اور نئے سال میں ملک کوبحرانوں سے نکالنے کے لئے یکجاہو کر کوششیں کریں۔نئے سال کے پہلے روز اپنے تہنیتی پیغامات میں شیخ سعید اور عمرمسعود پوری نے کہاکہ بلاشبہ 2022 پاکستان کے لئے بدترین سال ثابت ہوا جس میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی،ملک میں معاشی بحران نے سنگین صورتحال اختیار کیااور سب سے بڑھ کر سیاسی بحران پورا سال جاری رہاجس کے اثرات معیشت سمیت ہر شعبے پر مرتب ہوئے۔انہوں نے کہاکہ سیاست دانوں خاص طور پر پی ٹی آئی کی قیادت کو سنجیدگی اور بالغ نظری کا مظاہرہ کرناہوگا اور انہیں ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ملکی معیشت کوبہتربنانے سے متعلق اتحادی حکومت کی کوششوں کو سبوتاژکرنے کی بجائے تعاون کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کو سمجھناچاہئے کہ یہ وقت انتخابات کا نہیں بلکہ سیاسی جماعتوں کے مل بیٹھ کر ملک کو استحکام کی طرف لے جانے کاہے۔انہوں نے کہاکہ وزیرخزانہ اور مسلم لیگ(ن) اوورسیز کے صدر اسحاق ڈار ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے انتھک کوششیں کررہے ہیں،وہ وقت دورنہیں جب وزیراعظم شہبازشریف کی زیرقیادت اتحادی حکومت تمام بحرانوں پر کامیابی سے قابو پالے گی۔
ن لیگ سعودی عرب کے رہنماؤں کی پاکستانی قوم کو نئے سال کی مبارکباد








