کرکٹر محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے سوال نامے کے جواب میں کہا ہے کہ انہیں 8 ستمبر کو این سی سی آئی اے کا نوٹس موصول ہوا، تاہم آن لائن بیٹنگ یا جوئے کے الزامات کی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔
محمد رضوان نے اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ پیشی کے دوران انہوں نے متعدد بار اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تفصیلات طلب کیں تاہم انہیں الزامات کی مکمل نوعیت سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
قومی کرکٹر کے مطابق کرکٹرز سے متعلق کرپشن کے معاملات کی تحقیقات کے لیے آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ متعلقہ فورم ہے، ان کا کہنا تھا کہ ان پر لگائے گئے الزامات آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو رپورٹ نہیں کیے گئے۔
محمد رضوان نے این سی سی آئی اے سے مطالبہ کیا کہ اگر ان پر کوئی الزامات عائد کیے گئے ہیں تو ان کی مکمل تفصیل فراہم کی جائے تاکہ وہ انکوائری کا حصہ بن سکیں اور اپنا مؤقف پیش کرسکیں۔
انہوں نے اپنے جواب میں کہا کہ اگر ان پر کرپشن، آن لائن بیٹنگ یا جوئے سے متعلق کوئی الزام ہے تو معاملہ فوری طور پر آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو بھجوایا جائے۔
محمد رضوان کا کہنا ہے کہ وہ متعلقہ فورم پر تحقیقات میں تعاون کے لیے تیار ہیں تاہم ان کے خلاف عائد کیے گئے الزامات کی نوعیت اور تفصیلات سے آگاہ کیا جانا ضروری ہے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کا سوالنامہ
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے قومی کرکٹر محمد رضوان سے کیا کیا تفصیلات مانگیں؟ ہم نیوز نے سوال نامہ حاصل کر لیا۔
این سی سی آئی اے میں مبینہ جوئے کی انکوائری کے حوالے سے محمد رضوان کو پانچ صفحات پر مشتمل سوال نامہ دیا گیا۔
محمد رضوان سے ان کی ولدیت، تاریخ پیدائش، جائے پیدائش، اہلیہ کا نام اور بچوں کی تفصیلات اور گزشتہ دس سال سے ان کے کے زیر استعمال فیس بک، ٹویٹر، انسٹا گرام اور دیگر سوشل میڈیا اکاونٹس کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔
سوال نامے کے مطابق کرکٹر سے گزشتہ پانچ سال کے دوران تنخواہ کے ذرائع، کرائے کی مد میں آمدن، کاروباری ، زرعی آمدن اور بینک میں موجود رقم پر منافع کی تفصیل بھی طلب کی گئی۔
اس کے علاوہ پانچ سال میں کیے گئے گھریلو اخراجات، بچوں کے تعلیمی اخراجات اور وراثتی جائیداد کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں، وراثتی جائیداد کس سے منتقل ہوئی؟ محمد رضوان کو اس کا ثبوت بھی فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔
کرکٹر سے پانچ سال کے دوران جائیداد کی خرید و فروخت، بین الاقوامی دوروں ، اخراجات، اور قیام کی مدت اور اندرون ملک میں سفر کرنے سے متعلق تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں:ای چالان میں موٹرسائیکل کی سنچری، جرمانہ جان کر ہوش اڑ گئے، تھانے بند
این سی سی آئی اے نے کرکٹر سے گزشتہ پانچ سال کے تمام بینک اکاونٹس، کریڈٹ کارڈز کی تفصیلات مانگی ہیں ، اس کے علاوہ کرکٹر نے اگر کسی سے کوئی قرض لیا تو اسکی تفصیل بھی فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔









