اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کرنے کا باضابطہ فیصلہ کر لیا ہے، جس کے حوالے سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے تمام متعلقہ ایوی ایشن حکام اور ایئرلائنز کو آگاہ کرنے کے لیے نیا نوٹس جاری کر دیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان سیف اللہ خان کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان اور تفصیلات کے مطابق بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں اب 24 دسمبر 2026ء کی صبح 04:59 بجے تک توسیع نافذ العمل رہے گی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق موجودہ پابندی کی مدت ختم ہونے کے پیشِ نظر اس میں مزید ایک ماہ کا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ فضائی حدود سے متعلق پالیسی کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔
نئے جاری کردہ نوٹم (نوٹس ٹو ایئرمین) کے تحت بھارت میں رجسٹرڈ تمام کمرشل ایئرلائنز، مسافر طیاروں، چارٹرڈ جیٹ اور ملٹری طیاروں کے پاکستان کی فضائی حدود میں داخلے اور گزرنے پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔ اعلامیے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ نہ صرف بھارتی ملکیتی بلکہ بھارتی ایئرلائنز کے زیرِ انتظام یا لیز پر لیے گئے تمام طیارے بھی اس پابندی کے دائرے میں آئیں گے اور انہیں پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے خطے کی صورتحال اور باہمی کشیدگی کے پیشِ نظر 23 اپریل 2025ء سے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر رکھی ہے، جس میں گزشتہ ڈیڑھ سال سے زائد عرصے کے دوران مرحلہ وار توسیع کی جا رہی ہے۔ فضائی حدود کی اس مسلسل بندش کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو مغربی ممالک، مشرقِ وسطیٰ اور یورپ جانے والی اپنی بین الاقوامی پروازوں کے لیے طویل متبادل فضائی راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں، جس سے نہ صرف ان کی پروازوں کا دورانیہ بڑھ گیا ہے بلکہ بھارتی فضائی کمپنیوں کو ایندھن اور آپریشنل اخراجات کی مد میں بھی بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔








