اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے وزیر داخلہ اور کمانڈر انٹرنل سیکیورٹی فورس (لخویا) شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ہے، جس میں دوطرفہ برادرانہ تعلقات، اقتصادی اشتراک اور سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے معزز مہمان کا پاکستان کے پہلے دورے پر پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے دونوں برادر ممالک کی وزارتِ داخلہ اور متعلقہ سیکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون مزید مستحکم ہوگا۔ وزیراعظم نے امیرِ قطر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے قطری قیادت کی غیر متزلزل حمایت سمیت مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی مسلسل فراہمی کو خصوصی طور پر سراہا، جو پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط روابط کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تقریباً 3 لاکھ پاکستانی قطر میں برسرِ روزگار ہیں جو وہاں کی ترقی اور خوشحالی میں اہم حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری، زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کان کنی و معدنیات کے شعبوں میں موجودہ اشتراک کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر قطری وزیر داخلہ نے شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا، امیرِ قطر کی جانب سے تہنیتی پیغامات اور نیک خواہشات پہنچائیں اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کی انٹرنل سیکیورٹی فورس (لخویا) اور پاکستان کی فیڈرل کانسٹیبلری کے درمیان سیکیورٹی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے ایکشن پلان پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا، جن پر قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے اپنے اپنے ممالک کی جانب سے دستخط کیے۔ اجلاس میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد ظفر اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے، جبکہ وزیراعظم نے قطری وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا۔








