اسلام آباد(ممتازنیوز) الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار پروگرام کے تحت ساتویں الخدمت یوتھ گیدرنگ کی افتتاحی تقریب الخدمت کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن ،نائب صدر ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ، انچارج رضاکار پروگرام صنان اکبر،انچارج میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز شعیب ہاشمی ،دیگر ذمہ داران ، یوتھ سوسائٹیز کے نمائندگان سمیت مختلف کالجز اور جامعات سے الخدمت کے یوتھ ایمبیسڈرز نے شرکت کی۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے اس موقع پر بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار پروگرام کے تحت ساتویں الخدمت یوتھ گیدرنگ 14 جنوری کو ایوانِ اقبال میں منعقد ہوگی۔
مختلف سیشنز پر مشتمل الخدمت یوتھ گیدرنگ میں مختلف جامعات کے سربراہان، طلبہ وطالبات ،نامور موٹیویشنل اسپیکرز ، خدمت خلق کے شعبہ میں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس یوتھ گیدرنگ کا مقصد طلبہ و طالبات کو وولنٹیر ازم کی اہمیت سے روشناس کروانا اور یہ بتانا ہے کہ وہ بحیثیت طالبعلم کیسے دکھی اور مجبور انسانیت کی خدمت کرسکتے ہیں۔
نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے طلبہ و طالبات کو الخدمت یوتھ گیدرنگ کے حوالے سے ان کی ذمہ داریوں سے آگا ہ کیا اور بتایا کہ اِس سال موسمیاتی تبدیلیوں کو خاص طور پر موضوع بنایا گیا ہے تاکہ ہم اپنی یوتھ کو نا صرف آنے والے وقت میں اِن تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کر سکیں بلکہ وہ اپنے کردار کو سمجھتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ بھی کریں۔
ساتویں الخدمت یوتھ گیدرنگ 14 جنوری کو ایوانِ اقبال میں ہوگی،ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن








