بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم نے منحرف اراکین کے جوابات مستردکردیئے،فیصلہ کن کارروائی کا آغاز

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے موصول ہونے والے جوابات نامعقول قرار دیتے ہوئے مسترد کردیئے اور ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی کیخلاف ریفرنسز دائر کرنے کی باضابطہ منظوری دے د ی ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین قومی اسمبلی کو وضاحت کیلئے دیا گیا وقت ختم ہوگیاجس کے بعد ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغازکردیا گیا ہے۔اس ضمن میں مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان اور مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل تحریک انصاف عامر محمود کیانی کی اہم ملاقات ہوئی۔ زیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایات کی روشنی میں منحرف اراکین کیخلاف ریفرنسز تیار ہارس ٹریڈنگ میں ملوث اراکین کیخلاف دستاویزی ثبوت بھی ریفرنسز کے ساتھ بھجوائے جائیں گے ،پاکستان تحریک انصاف دستور کے آرٹیکل 63-اے(ون) کے تحت سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائے جارہے ہیں ،وزیراعظم و چیئرمین نے بےضمیر اراکین کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات دی ہیں ۔ مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کے مطابق دستور اراکین پارلیمان پر صداقت و امانت کی بنیادی شرط عائد کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین نے پارلیمانی پارٹی کے سربراہ کی ہدایات سے کھلا انحراف کیا ہے، ضمیر فروشی اور ہارس ٹریڈنگ جیسے سنگین دستوری جرم کے مرتکب اراکین صادق و امین بھی نہیں رہے، وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایات کی روشنی میں ریفرنسز تیار کرلئے ہیں، منحرف اراکین کیخلاف قانونی کارروائی کے تحت ریفرنسز جلد سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیے جائیں گے۔