فیصل آباد(معظم رندھاوا) ایف ڈی اے فیصل آبادنے 20 سالہ ماسٹر پلان تشکیل دے دیا جسے ایف ڈی اے گورننگ باڈی کی منظوری کے بعد پنجاب گزٹ میں نوٹیفائی کردیاگیاجو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا جبکہ پلان عملدرآمدکیلئے جلدتمام متعلقہ اداروں کو بھیج دیاجائیگا ۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر محمد زاہد اکرام نے شہریوں کے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران بتایاکہ فیصل آبادکی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ منظم اور پائیدار ترقی کیلئے مرکزی پلاننگ اور ترقیاتی پالیسیوں کو فیصل آباد ماسٹر پلان کا حصہ بنایاگیاہے ۔
انہوں نے بتایاکہ ترقیاتی منصوبہ بندی کے تحت شہری سہولیات کی فراہمی،ٹرانسپورٹ پلان اور انفراسٹریکچر کی ترقی کیلئے ضلعی انتظامیہ سمیت لوکل گورنمنٹ کے ادارے اور متعلقہ محکمے ماسٹر پلان میں ترتیب دیئے گئے زوننگ پلان ، سپیشیل پلان اوردیگر جزیات کے پابند ہونگے ۔ انہوں نے بتایاکہ مجاز اتھارٹی کی طر ف سے نوٹیفائی ایریا کے سوا فیصل آباد ماسٹر پلان پیری اربن سٹریکچر پلان کی حدود سے باہر علاقہ کو زرعی رقبہ ظاہر کیاگیاہے ۔
ڈی جی ایف ڈی اے نے بتایاکہ ماسٹر پلان کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز لینڈ یوز کلاسیفکیشن ،ری کلاسیفکیشن، ری ڈویلپمنٹ رولز 2021 اورلوکل گورنمنٹ کے متعلقہ رولز کی روح کے مطابق پابندی کی جائیگی۔ علاوہ ازیں نیشنل سٹریٹیجک پا لیسز بشمول آرمڈفورس کے ممنوعہ ایریا کی پابندی کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں ماحولیاتی تحفظ کیلئے وقتاً فوقتاًجاری کی جانیوالی پالیسز بھی فیصل آباد ماسٹر پلان میں شامل ہوں گے۔
انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد ماسٹر پلان فوری طور پر نافذ العمل ہوگا جبکہ فیصل آباد پیری اربن سٹر یکچر پلان کے تحت دی جانیوالی منظوری یا اس ضمن میں زیر عمل کارروائی متاثر نہیں ہوگی ۔
ڈی جی ایف ڈی اے نے ماسٹر پلان کی منظوری پر شہریوں کو مبارکباد دیئے ہوئے کہاکہ فیصل آباد ماسٹر پلان ایک تاریخی دستاویزکی حیثیت رکھتاہے جو جدید شہری ترقی کو مستحکم بنیاد فراہم کریگا جس کی بدولت منظم ترقیاتی منصوبے فیصل آباد کوجدید شناخت فراہم کرینگے ۔
ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے عابد حسین بھٹی ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجودتھے۔










