بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فضائی کمپنی کا کارنامہ، پرواز درجنوں مسافروں کو رن وے پر چھوڑ کر روانہ

بھارت میں ایک ایئر لائن کی پرواز اپنے درجنوں مسافروں کو رن وے پر ہی بھول کر روانہ ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ جنوبی بھارتی شہر بنگلور کے ہوائی اڈے پر پیر نو جنوری کی صبح پیش آیا، جہاں ’گو فرسٹ‘ نامی ایئر لائن کی ایک مسافر پرواز کو دہلی کیلئے روانہ ہونا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پرواز کے 55 مسافر ابھی ٹرمینل سے ہوائی جہاز کے دروازے تک پہنچنے کیلئے رن وے پر بس میں ہی تھے کہ ان کی فلائٹ جی 8 ۔ 116 اپنی منزل کی طرف روانہ ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ اس ہوائی جہاز کے عملے اور ہوائی اڈے کے گراؤنڈ اسٹاف کے مابین غلط فہمی کی وجہ سے پیش آیا، جو مسافر ہوائی اڈے پر رہ گئے ان کا سامان جہاز میں لادا جاچکا تھا۔
شہری ہوا بازی کے بھارتی محکمے کے حکام نے ’’گو فرسٹ‘‘ سے اس بارے میں وضاحت طلب کرلی ہے کہ وہ اپنے 55 مسافروں کو رن وے پر ہی بھول کیسے گئی۔ ’گو فرسٹ‘ بھارت کی کم کرائے والی ایک بجٹ ایئر لائن ہے، جو پہلے ’گو ایئر‘ کہلاتی تھی۔ کمپنی نے واقعے سے متاثرہ مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چھان بین کر رہی ہے۔
جو پچپن مسافر اس واقعے کے باعث وقت پر نئی دہلی کیلئے روانہ نہ ہو سکے، ان میں سے 53 کو 4 گھنٹے بعد دوسری فضائی کمپنی کی پرواز کے ذریعے دہلی بھیجا گیا، 2 مسافروں نے سفر کرنے سے انکار کردیا اور انہیں ان کی ادا کردہ ٹکٹ کی رقوم واپس کردی گئی۔