گوادر(ممتازنیوز) کورکمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے کہاہے کہ گوادر شہر ہم سب کا گھر ہےاور گھر کی توڑ پھوڑ نہیں ہونی چاہئے، مولانا ہدایت الرحمان کے مطالبات جائز لیکن طریقہ کار غلط تھا، اب گوادر میں کسی کو سڑکیں بند کرنے اور سرکاری مشینری و ترقیاتی کام رکوانےکی اجازت نہیں دی جائے گی۔
جمعرات کو کور کماندربلوچستان نے گوادر کا دورہ کیا جہاں ان سے کرکٹ سٹیڈیم گوادر میں عمائدین شہر، سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں ، صحافی برادری، انجمن تاجران اور شہریوں نے ملاقات کی ۔اس موقع پر سینیٹر کہدہ بابر، جی او سی 44 ڈویژن، کمشنر مکران، ڈپٹی کمشنر گوادر، ڈی پی او گوادر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔کورکمانڈر نے گوادر شہر کی امن و امان اور ترقی و بہبود کیلئے شہریوں سے تجاویز مانگیں
کورکمانڈرنے کہاکہ دھرنوں سے مسئلے مسائل حل ہونے والے نہیں بلکہ مل کر کام کرنے سے مسائل حل ہوتے ہیں۔انہوں نے ملاقات کرنے والے عمائدین کو مشورہ دیا کہ ایک کمیٹی بنادیں اور اس کمیٹی میں شہر کے مختلف طبقائے زندگی کے لوگوں کو شامل کیاجائے، کمیٹی میں شامل لوگوں کے ناموں کی لسٹ کل تک ڈپٹی کمشنر کے حوالے کردیں، کمیٹی شہر کے مختلف مسائل کو اجاگر کرکے اپنی تجاویز وقتاً فوقتا ً پیش کرتی رہے گی۔انہوں نے کہاکہ ہم سب سول انتظامیہ اور عوام کے ساتھ مل کر ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے ، گوادر میونسپل کمیٹی بہت ہی اہمیت کا حامل ہے، گوادر ایم سی کے 41 کونسلروں کے کندھوں پر بہت ہی بھاری ذمہ داری عوام نے عائد کر رکھی ہے، اس وقت یہ 41 کونسلران ہی گوادر سٹی کے اصل حاکم ہیں، لیکن افسوس اس وقت صرف ایک، دو ہی کونسلر یہاں موجود ہیں۔ کورکمانڈر نے میونسپل کمیٹی گوادر کے 41 کونسلروں کو شہر کے مسائل کی حل سے متعلق کل صبح ان سے ملاقات کروانے کی ذمہ داری جماعت اسلامی گوادر کے امیر مولانا لیاقت کوسونپی ۔کورکمانڈر بلوچستان سے مائی گیروں نے بھی الگ سے ملاقات کی۔
گوادرمیں کسی کو سڑکیں بلاک، ترقیاتی کام رکوانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،کورکمانڈر بلوچستان








