بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

گندم کی کوئی قلت نہیں، یہ صوبائی معاملہ اس سے وفاق کا لینا دینا نہیں: طارق بشیر

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ نے گندم کو صوبائی حکومتوں کا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ وفاق کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں  ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ملک میں گندم کی قلت کا غیر ضروری شور پڑا تھا ، گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں ، پہلے دن سے ہی بھانپ لیا تھا کہ گندم کے وافرذخائر ملک میں موجود ہیں ، آٹے اور گندم پر وزیراعظم کے بہت تحفظات ہیں،گندم صوبائی حکومتوں کا مسئلہ ہے  اس معاملے پر وفاق کا کوئی لینا دینا نہیں، ہمیں صرف غذائی اجناس کو یقینی بناناہوتا ہے اور  یہ ہماری ذمےداری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہا کہاں گندم کی قلت ہے،کے پی کی 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ڈیمانڈ پوری کی، وفاق نےصوبوں کو ان کی ضرورت کے مطابق گندم فراہم کردی ہے، ہمارا کام صوبوں کو گندم پہنچانا ہے، اب صوبوں سے کہا ہے کہ پورٹ سے ڈائریکٹ گندم اٹھالیں، پورٹ سے گندم اٹھانے سے انہیں کرائے کی مد میں بچت ہوگی۔

چیک پوسٹ نہ ہوں تو آٹا افغانستان اور دیگر میں اسمگل ہو جائے: وفاقی وزیر 

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں بتائیں کس صوبے نے گندم مانگی ہے اور ہم نے نہیں دی، شور بہت ہے کہ گندم نہیں ہے پتا نہیں کہاں چلی گئی، آزادکشمیر میں پاسکو کے ذریعے گندم پہنچائی جاتی ہے، 13لاکھ 76 ہزار میٹرک ٹن گندم مل چکی ہے، 4 لاکھ ٹن گندم پورٹ پر موجود ہے، وفاق نے کم گندم ریلیزکرنے پر شورمچایا،  پنجاب 21 ہزار یومیہ گندم ریلیز کررہا تھا، 10 جنوری کو پنجاب نے 26 ہزار میٹرک ٹن گندم ریلیز کی، صوبوں نے کوٹہ بڑھایا تو قیمتیں کم ہوئیں، پنجاب میں 800 ، کے پی میں 600 روپے گندم فی من کم ہوئی، ملوں کو 2200  روپے فی من گندم ریلیز کی جارہی ہے، فلور ملز 2200 میں گندم لے کر مہنگی فروحت کردیتے ہیں، حکومت اگر چیک پوسٹ نہ لگائیں تو جو آٹا مل رہا ہے وہ بھی نہ ملے، چیک پوسٹ نہ ہوں تو آٹا افغانستان اور دیگر میں اسمگل ہو جائے۔

عمران خان کا مشن کامیاب نہیں ہوگا: طارق بشیر چیمہ

طارق بشیر چیمہ نے عمران خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل ہوجائیں تو اس کے بعد الیکشن ہی ہوتے ہیں، عام انتخابات کس بات پر ہوں، یہ روز بیٹھ کر جو اداکاری ہو رہی ہے اس سے، عمران خان کا مشن کامیاب نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کے پی اور پنجاب اسمبلی میں عام انتخابات ہو جائیں گے یہ سیاسی عمل ہے ، کس نے عمران خان کی عقل میں ڈالا کہ اسمبلیاں 6 مہینے پہلے توڑو، وفاق سے عمران خان کو نکالا گیا ، پونے 4 سال اس نے حکومت کی اور ملک کا بیڑا غرق کردیا ، سوائے جھوٹ اور تخریب کاری کے اس شخص کا کوئی کام ہے۔