بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان میں غذائی کمی کا شکار افراد کی تعداد40فیصد سے تجاوز کرگئی

فیصل آباد (معظم رندھاوا)زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں40فی صد سے زائد آبادی غذائیت کی کمی کا شکار ہو گئی، زرعی ماہرین کے لیے غذائی کمی کو پورا کرنا ڈراونا خواب بن گیا ہے ۔وہ زرعی یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا کہ غذائیت کی کمی پالیسی میکرز سائنسدانوں اور ماہرین کے لئے ایک بڑے چیلنج کی حیثیت اختیار کر چکی ہے جس کے لیے سنجیدہ کاوشیں عمل میں لانی ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ اس سنٹر کے تحت ماسٹر ٹرینرز کی استعداد کار میں اضافے کو یقینی بنانے کے لئے کوریا میں ٹریننگ منعقد کی جائیگی جو کہ متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو غذائیت کے متعلق آگاہی پیدا کرنے اور عملی اقدامات کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر کورین انٹرنیشنل کوپریشن ایجنسی کی مالی معاونت کا بھی شکریہ ادا کیا ۔اجلاس کا ایجنڈا ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ زرعی یونیورسٹی عرفان عباس نے پیش کیا۔کلیہ ء فوڈ سائنسز کے ڈین ڈاکٹر مسعود صادق بٹ نے کہا کہ پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر کی منظوری پلاننگ کمیشن کے سنٹر ل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی(سی ٹی ڈبلیو پی) نے دی ہے جس کے تحت کوئیکانے 7ملین ڈالر اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام(پی ایس ڈی پی) اور ایچ ای سی نے 438 ملین روپے فراہم کیے ہیں۔ نیشنل سٹیرنگ کمیٹی نے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی زیر نگرانی سائنٹفک ایڈاوائزری بورڈ کی تشکیل کی منظوری بھی دے دی۔ اجلاس میں یان جی ہو کنٹری ڈائریکٹر کوئیکا، ہنگسو لی ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر کوئیکا،زرعی یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر ڈاکٹر جہاں بخت،چیف نیوٹریشن پلاننگ کمیشن ڈاکٹر نذیر احمد،چیف ایس اینڈ ڈی ڈاکٹر عارف رحمان، ساؤتھ کوریا کے چنگ نام نیشنل یونیورسٹی کے پروفیسر جہان کم، ڈی جی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ نیوٹریشن اینڈ ہوم سائنسز ڈاکٹر عمران پاشا، ڈاکٹر کامران شریف، ڈاکٹر عیسیٰ خان، ٹریژرر عمر سعید قادری و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔