پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو ہمیں کھینچ کر انتخابات میں لانا پڑا، یہ اس لئے بھاگ رہے ہیں کیونکہ جانتے ہیں عمران خان کو ہرانا ناممکن ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام سے گفتگو میں عمران اسماعیل کا کراچی میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے کہنا تھا کہ اب بہت دیر ہوچکی ہے، انہیں (ایم کیو ایم) کیا فرق پڑے گا یہ تو پہلے بھی ٹھپے لگا کر جیتے ہیں۔
دورانِ انتخابات سکیورٹی کے مسئلے پر ان کا کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتا سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ ہے، اگر ان سے سکیورٹی نہیں سنبھلتی تو وزارتیں چھوڑ دیں، رانا ثناء اللہ کیوں بیٹھے ہیں، سیکیورٹی فراہم کریں الیکشن کرائیں۔ یہ سب الیکشن سے بھاگنے کے حیلے بہانے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ آج یا کل میں بہت بڑا سرپرائز آنے والا ہے، شہباز شریف اپنی حکومت خود تحلیل کریں گے اور ملک بھر میں الیکشن کرائیں گے۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ تین سے چار میٹنگز ہو چکی ہیں جس میں حکومت تحلیل کرکے الیکشنز میں جانے کی بات ہوئی، فی الحال یہ بٹے ہوئے ہیں لیکن آگے جاکر یہ فیصلہ کرلیں گے۔
آج یا کل میں بڑا سرپرائز آنے والا ہے، شہباز خود حکومت تحلیل کریں گے،عمران اسماعیل








