اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں آئی ٹین میں خودکش دھماکہ میں زخمی ہونے والے پولیس کانسٹیبل راشد کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چھٹہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر اور دیگر پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تاجر برادری نے کھڑے ہو کر پرزور تالیہ بجا کر زخمی پولیس کانسٹیبل راشد کی جرات و بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری نے خود کش دھماکے میں شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کی فیملی کیلئے مبلغ پانچ لاکھ روپے کا چیک بھی ڈی آئی جی آپریشنز کو پیش کیا۔
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے آئی ٹین میں خودکش دھماکہ ناکام بنانے والے ہیڈ کانسٹیبل شہید عدیل حسین اور زخمی کانسٹیبل راشد سمیت موقع پر ڈیوٹی دینے والے تمام پولیس اہلکاروں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایسے بہادر پولیس اہلکاروں پر تاجر برادری سمیت پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹین خودکش دھماکے میں زخمی پولیس اہلکاروں کو دوران علاج چیمبر اپنے ممبران کے تعاون سے مفت ادویات فراہم کرے گا۔ انہوں نے اس موقع پر پولیس سے متعلقہ تاجر برادری کے مسائل سے بھی ڈی آئی جی آپشینز کو آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے مفید تجاویز دیں۔انہوں نے کہا کہ دکانوں پر کام کرنے والے ملازمین کو ناکوں پر روکا جاتا ہے لہذا ان کو کارڈ جاری کئے جائیں اور پولیس مصالحتی کمیٹیوں کو بحال کیا جائے جن میں چیمبر کو بھی نمائندگی دی جائے۔
ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چھٹہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سٹیریٹ کرائم اور چوری و ڈکیٹیوں سمیت دیگر جرائم کی روک تھام کیلئے پولیس ایک جامع اور موثر حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے پولیس زخمی پولیس کانسٹیبل راشد کے اعزاز میں تقریب نعقد کرنے اورواقعے میں شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کیلئے پانچ لاکھ کا چیک پیش کرنے پر آئی سی سی آئی کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کے عہدیداران نے پولیس سے متعلقہ جن مسائل کی نشاندہی کی ہے ان کو حل کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ چیمبر اور مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کے تعاون کے ساتھ دکانوں پر کام کرنے والے ملازمین کو کارڈ جاری کرنے کے عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پولیس چوبیس گھنٹے شہریوں کی حفاظت کیلئے سرگرم عمل ہے اور تاجربرادری کے تعاون سے اس کی کارکردگی کو مزید بہتر کیا جائے گا۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے بھی شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین اور زخمی پولیس کانسٹیبل راشد سمیت دیگر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور آئی نائن و آئی ٹین سے متعلقہ پولیس مسائل سے ڈی آئی جی آپریشنز کو آگاہ کیا۔
ایف سکس مرکز سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد شبیر عباسی، ایف سیون مرکز جناح سپر کے صدر اسد عزیز، ایف ٹین مرکز کے صدر احمد خان اور چیئرمین طاہر عباسی، جی نائن مرکز کے صدر راجہ جاوید اقبال، ای الیون مرکز کے صدر ظاہر عباسی، آئی ایٹ مرکز کے سیکرٹری جنرل زاہد قریشی، سبزی منڈی آئی الیون کے نمائندے امیر حمزہ، چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، سابق نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے بھی اپنی اپنی مارکیٹوں کے مسائل سے ڈی آئی جی آپریشنز کو آگاہ کیا اور ان کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔
زخمی پولیس سپاہی کے علاج کیلئے مفت ادویات فراہم کریں گے۔ احسن بختاوری








