اسلام آباد (ممتازنیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معیشت کی بحالی کے لیے رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے اور اس کیلئے سازگار حالات پید اکرے کیونکہ یہ شعبہ ملک کو موجودہ معاشی بحران سے نکال کر پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 70 کے قریب صنعتوں کا کاروبار تعمیراتی شعبے سے منسلک ہے اور اس کی بہتر ترقی سے تمام متعلقہ صنعتوں کے کاروبار کو فروغ ملتا ہے جس سے اقتصادی ترقی کی رفتار تیز ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاپ سٹی ون اسلام آباد کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ٹاپ سٹی کے بلاک جی اور ای کا مکمل جبکہ بلاک ایف اور آئی کا جزوی قبضہ ممبران کو دیا گیا۔ اس سے پہلے ٹاپ سٹی بلاک اے، بی، سی اور ڈی کا قبضہ اپنے ممبران کے حوالے کر چکا ہے۔ احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ زائد ٹیکسوں اور دیگر وجوہات کے باعث تعمیراتی سامان بشمول سیمنٹ، سٹیل اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے جس وجہ سے رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کی کاروباری سرگرمیاں جمود کا شکار ہیں اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر زائد ٹیکسوں میں کمی کرے، غیر منقولہ جائیداد پر ڈیمڈ انکم ٹیکس پر نظر ثانی کرے اور رئیل اسٹیٹ شعبے کی ترقی کے لیے سازگار کاروباری حالات پید اکرنے کی کوشش کرے جس سے یہ شعبہ معیشت کی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی رئیل اسٹیٹ شعبے میں سرمایہ کاری نے میں دلچسپی رکھتے ہیں لہذا حکومت ان کو پرکشش مراعات فراہم کرے تو وہ اس شعبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کاروبار اور سرمایہ کاری کی ترقی کیلئے ایک طویل المدت پالیسی تشکیل دی جائے جس سے معیشت بہتر ہو گی۔ٹاپ سٹی ون کے چیف آپریٹنگ آفیسر بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) سکندر نے ٹاپ سٹی ون منصوبے کے بارے میں شرکاء کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ اس ہاؤسنگ منصوبے میں سب سے بڑا سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر کیا جا رہا ہے جس میں 25لاکھ گلین کی گنجائش ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ایک جھیل تعمیر کی جا رہی ہے جس میں 10کروڑ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہو گی اور اسی پانی کو صاف کر کے رہائشیوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اس منصوبے میں گالف کورس، چڑیا گھر، ایک سو کنال پر مشتمل تفریحی کلب، مساجد، سکول اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔آئی سی سی آئی کے سابق صدر سردار یاسر الیاس خان، اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر سردار طاہر محمود، سیکرٹری جنرل چوہدری زاہد رفیق اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیااور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ رئیل اسٹیٹ شعبے کیلئے سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرے جس سے ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور معیشت مشکلات سے نکل کا ترقی کی راہ پر گامزن ہو گی۔
معیشت کی بحالی کیلئے رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے،احسن بختاوری








