جدہ (امیر محمد خان)وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری نے کہاہے کہ بیرونی ملک پاکستان ہمارا قومی اثاثہ ہے۔سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کش ملک کو زرمبادلہ فراہم کرنے میں اہم کردار کررہے ہیں جو ہماری معیشت کی اشد ضرورت ہے، ہم سمندر پار پاکستانیوں کے تمام مسائل کو فوری حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ سعودی قوانین کا احترام کریں اس سے پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوتا ہے۔
وہ دورہ سعودی کے دوران جدہ میںپاکستانی کمیونٹی سےایک منعقدہ تقریب میں خطاب کررہے تھے ۔انہوںنے کہا کہ جلدڈیجیٹل مختار نامہ کا افتتاح کیا جائے گا اور سمندر پار پاکستانیوں کو پیش آنے والے مسائل کو پروقت حل کرنے کی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی ۔ وفاقی وزیر کا وزارت سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کا پہلا دورہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت کے مطابق ہم سمندر پار پاکستانیوں کے تمام مسائل کو فوری حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور مختلف سمندر پار پاکستانیوں کے لئے ڈیجیٹلائزیشن کے پروگرام اس کی عکاسی کرتے ہیں کہ ہماری حکومت سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں کوئی کمی نہیں کررہے۔ کمیونٹی کے مختلف سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ جلد اسٹیٹ بینک کے ساتھ ملکر ڈالر کے جو مسائل ہیں اس کا جلد کوئی حل نکال لیں گے تاکہ سمندر پار پاکستانیوں کو تعلیمی اور دیگر فیسیں ادا کرنے میں کوئی مسئلہ مسائل نا ہوں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے وژن 2030 کے مطابق ہم انہیں مختلف شعبہ جات میں ماہرین مہیا کریں گے تاکہ پاکستان سعودی عرب کے ہر شعبہ جات میں اپنے ماہرین دے کر دونوں ملکوں کے تعلقات استوار کریں۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جبکہ قونصل جنرل خالد مجید نے مہمانوں کو خوش آمدید کیا۔
سعودی عرب میں پاکستانی محنت کش ملک کو زرمبادلہ فراہم کرنے میں اہم کردار کررہے ہیں ، ساجد حسین طوری








