بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سستا آٹا فراہمی کی حکمت عملی ناکام،دکانوں کے ذریعے لوگوں کوآٹا فراہم کیا جائے،احسن ظفر بختاوری کی اسلام آباد انتظامیہ کو تجویز

اسلام آباد ( ممتازنیوز)ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی اور آٹے کے بحران پر قابو پانے کیلئے ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، نائب صدر انجینئر محمد اظہرالاسلام ظفر، فلور ملز نمائندگان بشمول شیخ طارق صادق، عبدالرحمٰن خان، چوہدری مختار احمد، ڈاکٹر محمد عثمان، چوہدری محمد علی، امیر حمزہ، خالد چوہدری، سیف الرحمٰن خان اور دیگر وفد میں شامل تھے۔
اس موقع پر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ آٹا عوام کی بنیادی ضرورت ہے لیکن گندم اور آٹا بحران کی وجہ سے پورے ملک کی طرح اسلام آباد میں بھی آٹے کی قیمتوں میں گئی گنا اضافہ ہو گیا ہے جس سے عام آدمی بہت پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص جگہوں پر سستا آٹا فراہم کرنے کی حکمت عملی ناکام ہو چکی ہے کیونکہ لمی قطاروں میں لگنے کے باوجود بہت سے لوگ آٹا خریدنے سے محروم رہتے ہیں لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ سستا آٹا مخصوص پوائنٹس سے دینے کی بجائے عام دکانوں کے ذریعے عوام کو فراہم کیا جائے تا کہ عوام کی مشکلات کم ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آٹے کی قیمتوں کو مستحکم کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کرے۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ اسلام آباد کی فلو ر ملوں کو پنجاب سے گندم کے حصول میں مشکلات درپیش رہتی ہیں کیونکہ بعض اوقات ان کا کوٹہ کم کر دیا جاتا ہے جس سے نہ صرف آٹا مہنگا ہو جاتا ہے بلکہ فلور ملوں کا کاروبار بھی متاثر ہوتا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب کی بجائے حکومت پاسکو سے اسلام آباد کی فلور ملوں کو گندم فراہم کرے تاکہ وفاقی دارالحکومت میں آٹے کا کوئی بحران پیدا نہ ہو اور قیمتوں میں بھی استحکام رہے۔چیمبر کے نائب صدر انجینئر محمد اظہرالسلام ظفر نے کہا کہ گندم کی مطلوبہ مقدار میں فلور ملوں کو سپلائی حکومت کی اہم ذمہ داری بنتی ہے لہذا حکومت فلور مل مالکان کی مشاورت سے ایسا نظام ترتیب دے جس سے عوام کو آٹا بحران سے بچایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ انتظامیہ کی بہتر کوششوں کی وجہ سے اسلام آباد میں آٹا بحران پر قابو پا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو آٹے کی سپلائی بہتر بنانے کیلئے پچاس فیصد کوٹہ دکانوں کو دیا جا رہا ہے جبکہ پچاس فیصد کوٹہ مخصوص پوائنٹس کے ذریعے فراہم کیا جائے گا جبکہ گندم کا سپلائی نظام بہتر ہونے سے عنقریب آٹے کی سپلائی پر پابندی ختم کر دی جائے گی۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد کی فلور ملوں کو پاسکو کے ذریعے گندم کی سپلائی فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی تا کہ ان کو گندم کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔شیخ طارق صادق، عبدالرحمٰن خان، چوہدری مختار احمد، ڈاکٹر محمد عثمان، چوہدری محمد علی، امیر حمزہ، خالد چوہدری، سیف الرحمٰن خان اور دیگر نے بھی آٹا بحران پر قابو پانے کیلئے ڈپٹی کمشنر کو مفید تجاویز دیں۔