بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مارکیٹوں و صنعتی علاقوں میں ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ دی جائے،احسن بختاور ی

اسلام آباد ( ممتاز نیوز) سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ وسیم باجوہ، ممبر فنانس مظہر حسین شاہ،خزانہ کے سربراہ میاں طارق لطیف اور ڈائریکٹر اسٹیٹ زاہد اعجاز تارڑ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اورجناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں 24تا26جنوری کو ہونے والی سی ڈی اے کی نیلامی کے بارے میں بزنس کمیونٹی کو ایک تفصیلی بریفنگ۔نیلامی میں کمرشل، صنعتی، ہوٹل، ہسپتال، سکول، پیٹرول پمپ، کلاس تھری شاپنگ سنٹر فارم ہاؤسز اور رہائشی پلاٹ شامل ہوں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں سیوریج نظام، واٹر سپلائی نظام اور صفائی نظام کو بہتر کر نے کے ساتھ ساتھ پارکنگ کی سہولت اور سڑکوں کی کارپٹنگ سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کی اشد ضرورت ہے تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت ہو لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے کمرشل اور انڈسٹریل ایریاز میں ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے پر خصوصی توجہ دے۔انہوں نے کہا کہ جی نائن مرکز، ایف ٹین مرکز اور بلیو ایریا میں ہنگامی بنیاد پر پارکنگ پلازے تعمیر کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کے تعاون سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جے پی اور مارگلہ روڈ پر کام کی رفتار تیز کی جائے کیونکہ اس وقت کام کی رفتار بہت سست ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر سی ڈی اے کے ساتھ مل کر شجر کاری مہم شروع کرنا چاہتا ہے تا کہ وفاقی دارالحکومت کے ماحول کو بہتر کیا جائے۔چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے انڈسٹریل ایریاز، آئی نائن اور آئی ایٹ کے مسائل سے سی ڈی اے حکام کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی پلاٹوں پر اضافی ٹریڈ کی اجازت دی جائے، صنعتی پلاٹوں کی لیز کو آٹومیٹک طریقے سے 99سال تک توسیع دی جائے، پانی کے زائد بلوں اور پراپرٹی ٹیکس پر نظرثانی کی جائے اور نقشوں کی منظوری کے عمل کو تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ون ونڈو کی کارکردگی کو مزید بہتر کیا جائے۔چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر السلام ظفر نے کہا کہ سی ڈی اے نے ڈیزائن کی جانچ پڑتال کا طریقہ بہتر کر دیا ہے تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ کمرشل عمارتوں کا کمپلیشن سرٹیفیکیٹ بروقت جاری کیا جائے کیونکہ اس میں تاخیر کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا نقصان ہوتا ہے۔چیمبر کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی نے بھی بلڈرز کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی اور نیلامی کے بعد کے عمل کو بہتر کرنے کیلئے مفید تجاویز دیں۔سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ وسیم باجوہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیمبر کے تعاون سے تاجروں و صنعتکاروں کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کئی مارکیٹوں میں پارکنگ پلازے تعمیر کرنے کیلئے جگہوں کی شناخت کر دی گئی ہے جن کو نجی شعبے کے تعاون سے جوائنٹ وینچرز کی بنیاد پر تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیلامی کے بعد کی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے گا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ دستاویزی تقاضے پورے ہونے کی صورت میں وہ ایک ہفتے میں نقشے منظور کرانے میں تعاون کریں گے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کے تعاون سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا جبکہ سبزی منڈی اور انڈسٹریل ایریاز کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔سی ڈی اے کے ممبر فنانس مظہر حسین شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سی ڈی اے چیئرمین اورسب ممبران کی ایک میٹنگ چیمبر کے ساتھ منعقد کی جائے گی تا کہ بزنس کمیونٹی کے تمام مسائل سن کر ان کو حل کرنے کی کوشش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ نیلامی کے بعد پلاٹ حاصل کرنے والوں کے ساتھ خصوصی تعاون کیا جائے گا تا کہ ان کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے لہذا انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سی ڈی اے کی نیلامی میں بھرپور شرکت کر کے سرمایہ کاری کے ان پرکشش مواقعوں سے فائدہ اٹھائے۔سی ڈی اے کے سربراہ برائے خزانہ میاں طارق لطیف نے یقین دہانی کرائی کہ پراپرٹی ٹیکس کے مسئلے کو چیمبر کے تعاون سے حل کرنے کی کوشش کی جائے گے۔