اسلام آباد(ممتاز نیوز)سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے چین کے نئے سال کے آغاز پر چین کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے چین کے نئے سال کے آغاز کے موقع کہا کہ چینی قوم محنت اور لگن سے اپنی ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین باہمی خوشحالی اور ترقی کے لیے تمام سماجی و اقتصادی شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔ سپیکر نے کہا کہ پاک چین دوستی سے نہ صرف دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہونگے بلکہ دونوں ممالک کے عوام ترقی اور خوشحالی کے مزید منازل طے کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی کامیابی سے تکمیل دونوں ممالک اور ان کے عوام کی باہمی فائدے کے لیے تعاون پر آمادگی ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے چینی ماڈل پر تمام اقوام کو عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے بھی چینی قوم کو ان کے نئے سال کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے چینی عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ نیا چینی سال چینی عوام کی زندگیوں میں خوشیاں، خوشحالی اور ترقی لائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاک چین تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔
سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی چین کے نئے سال کے آغاز کے موقع پر چینی عوام اور حکومت کو مبارکباد








