بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

واشنگٹن ، وزیر تجارت سید نوید قمر کی امریکی نمائندہ خصوصی برائے تجارتی اور کاروباری امور دلاور سید سے ملاقات، دو طرفہ تجارت پر تبادلہ خیال

واشنگٹن (ممتازنیوز) وزیر تجارت سید نوید قمر نے آج امریکی نمائندہ خصوصی برائے تجارتی و کاروباری امور دلاور سید سے پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک امریکہ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے ذرائع اور طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری اور ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری برائے پاکستان الزبتھ ہورسٹ، برائن جے میک گراتھ اور جیف روبنسٹین امریکی نمائندہ خصوصی برائے تجارتی و کاروباری امور کے ہمراہ تھے۔ سفیر پاکستان مسعود خان، سیکرٹری تجارت محمد صالح احمد فاروقی، سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ اسد گیلانی اور پاکستانی سفارتخانے میں متعین ٹریڈ منسٹر عظمت محمود نے وزیر تجارت کی معاونت کی۔وزیر تجارت سید نوید قمر پاک امریکہ تجارتی سرمایہ کاری فریم ورک ایگریمنٹ (ٹیفا) کے وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے واشنگٹن ڈی سی کا دورہ کر رہے ہیں۔ اجلاس کل منعقد ہوگا۔ ٹیفا کا آخری وزارتی اجلاس 2016 میں اسلام آباد میں ہوا تھا۔ امریکی نمائندہ خصوصی برائے تجارتی و کاروباری امور سے ملاقات میں پاک امریکہ دوطرفہ تجارت، پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری، ملک میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کے کاروباری آپریشن اور امریکہ کے لئے پاکستان کی برآمدات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کاروبار سے متعلقہ معاملات اور ریگولیٹری امور بھی زیر بحث آئے۔وزیر تجارت نے تقریباً 8 سال کے وقفے کے بعد ٹیفا کے وزارتی اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم کیا اور اسے پاک امریکہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لیے ‘اہم’ قرار دیا۔وزیر تجارت نے کہا کہ اعلیٰ سطحی مذاکرات کی بحالی تجارتی عمل کو تیز کرنے کی کوششوں کو تقویت ملے گی جو کہ بڑی پیش رفت کا باعث ثابت ہوگی۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تقریباً 12 ارب ڈالر کے دو طرفہ تجارتی حجم کا حوالہ دیتے ہوئے سید نوید قمر نے کہا کہ موجودہ تجارتی اعداد و شمار دونوں ممالک کے درمیان موجود کاروباری صلاحیت کی عکاسی نہیں کرتے۔ امریکی معیشت کے حجم اور پاکستان جیسی بڑی منڈی جس میں واضح طور پر متوسط طبقہ اور نوجوان آبادی شامل ہے کو مد نظر رکھا جائے تو موجودہ اعدادو شمار موجود صلاحیت سے مطابقت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خاص طور پر آئی ٹی، ٹیک، زراعت اور دیگر شعبوں میں تجارتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔امریکی نمائندہ خصوصی برائے تجارتی اور کاروباری امور دلاور سید نے کہا کہ پاکستان کی وسیع تر اور صحت مند مارکیٹ کے تناظر میں دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے نمایاں مواقع موجود ہیں۔پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری اور ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے پاکستان الزبتھ ہورسٹ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ امریکہ پاکستان سے تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔تجارت سے متعلق درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ دونوں اطراف سے فوکل پرسن مقرر کیے جائیں گے تاکہ کاروبار ی معاملات کے حوالے سے ترجیحات کا تعین ، ہم آہنگی اور درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کو یقینی بنایا جا سکے ۔وزیر تجارت نے امریکی نمائندہ خصوصی کے ساتھ پاکستانی آموں کی برآمد کا معاملہ بھی اٹھایا اور اس حوالے سے انہوں نے درپیش مسائل کو دور کرنے کے حوالے سے طریقہ کار کو جلد حتمی شکل دینے پر زور دیا۔دونوں فریقوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹیفا اجلاس تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا ۔