اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ہم تاریخ کے صحیح وقت میں تاریخ کے صحیح رخ پر کھڑے تھے ۔
سپریم کورٹ کی جانب سے قومی اسمبلی کو بحال کیے جانے کے فیصلے پر متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں نے اسلام آباد می پریس کانفرنس کی ۔
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ امید ہے کہ نئی قیادت ایسا پاکستان دے گی جس میں تمام زبانیں بولنے والوں کو برابر کا موقع ملے گا۔
لائیو: متحدہ اپوزیشن رہنماؤں کی اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس https://t.co/zmoKroBTqB
— PPP (@MediaCellPPP) April 7, 2022
جے یو آئی کے رہنما اسعد محمود نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین اور پاکستان کی فتح ہے۔
اس کے علاوہ شہباز شریف نے کہا کہ یہ انصاف، آئین اور قانون کی جیت ہے ۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کسی فرد یا جماعت کی نہیں بلکہ پاکستان کے آئین کی جیت ہوئی ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سےگزارش ہے بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات چند دن کیلئے مؤخرکردیں، عمران کے سارے سرپرائز جعلی نکلے، اب کسی جعلسازی کی ضرورت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی 3 اپریل کی رولنگ، صدر مملکت کی جانب سے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے معاملے پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے از خود نوٹس کیس کا فیصلہ سنایا۔
سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے متفقہ فیصلہ دیا کہ تحریک عدم اعتماد کو مسترد کرنے کی ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی 3 اپریل کی رولنگ اور وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر کی جانب سے قومی اسمبلی کو تحلیل کرنا آئین سے متصادم تھا جس کے بعد سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی بحال کردی۔
سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ اسپیکر فوری طور پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں، قومی اسمبلی اجلاس ہرصورت 9 اپریل صبح 10:30 بجے سے پہلے بلایا جائے۔









