اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )سپریم کورٹ کی جانب سے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دینے کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم )کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
انگلش جریدے ٹائمز آف اسلام آباد نےنجی ٹی وی کے حوالے سے بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نواز شریف نے خالد مقبول صدیقی کو فون کیا اور ڈپٹی سپیکر کی رولنگ غیر آئینی قرار دینے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اسمبلی کی بحالی سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین کی جیت ہے جس میں ایم کیو ایم کاقلیدی کردار ہے ۔
انگلش جریدے کے مطابق مسلم لیگ(ن )کے قائد کی جانب سے ایم کیو ایم کیساتھ مستقبل میں مزید مضبوط تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا گیا جس پر ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہماری پارٹی ہمیشہ آئین کی حفاظت کرے گی اور اپوزیشن کو مکمل سپورٹ کرے گی ۔خالد مقبول صدیقی نے نواز شریف کو اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ 9اپریل کو ایم کیو ایم پارلیمنٹیرینز وزیر اعظم عمران خان کیخالف تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ جمہوریت کی جیت ہے ۔









