اسلام آباد(نیوز ڈیسک )قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے لئے تحریک انصاف کے امیدوار شاہ محمود قریشی نے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض اٹھادیا۔
متحدہ اپوزیشن کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، شہباز شریف کے ہمراہ خواجہ آصف اور دیگر موجود تھے۔
شہباز شریف کے تجویز کنندہ آصف زرداری اور تائید کنندہ بلاول بھٹو زرداری ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، عامر ڈوگر اور علی محمد خان تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ ہیں۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی کی جانب سے عامر ڈوگر اور ملیکہ بخاری نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
شاہ محمود قریشی کا اعتراض
قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے قائد ایوان کے لئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی۔
جانچ پڑتال کے دوران شاہ محمود قریشی نے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض عائد کردیا۔
قائد ایوان کے انتخاب کا شیڈول
وزیرِ اعظم کے امیدواروں کے لیے کاغذاتِ نامزدگی آج دوپہر 2 بجے تک جمع کرائے جا سکتے تھے۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال سہ پہر 3 بجے سے 4:30 بجے تک کی جائے گی ۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کا پیر کے روز بلائے گئے اجلاس کا وقت بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔
پہلے پیر کی صبح 11 بجے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا تاہم اب یہ اجلاس پیر کی دوپہر 2 بجے منعقد ہوگا۔
واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد اب عمران خان ملک کے وزیر اعظم نہیں رہے۔
گزشتہ روز اسپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری بھی مستعفی ہوچکے ہیں۔
اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے استعفے کے بعد ایوان کی کارروائی پینل آف چیئر ایاز صادق نے چلائی تھی۔
قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے 174 ووٹ درکار تھے تاہم تحریک کے حق میں 174 ووٹ آئے تھے۔









