اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف کو عالمی رہنماؤں کی طرف سے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔منگل کو روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ اسلام آباد میں روس کے سفارتخانے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹوئٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ روسی سفارتخانے کی جانب سے ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے امید ظاہر کی کہ شہباز شریف روس اور پاکستان کے تعلقات کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔ روسی صدر نے مزید کہا کہ امید ہے کہ افغانستان میں امن اور عالمی دہشت گردی بارے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون فروغ پائے گا۔ادھر چین نے شہبازشریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دے دی ہے، ادھر وزیراعظم نے نیک خواہشات پر بھارتی ہم منصب نریندر مودی کا شکریہ ادا کردیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان ژاؤ کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان ہر موسم میں تعاون کے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات چٹان کی طرح مضبوط اورپائیدارہیں۔علاوہ ازیںفلسطین کے صدرمحمودعباس نے بھی شہبازشریف کو مبارکباد دی اوران کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔
نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف کو عالمی رہنماؤں کی طرف سے مبارکباد کا سلسلہ جاری








