اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی جاتے جہاز میں بھی ایک اہم میٹنگ کی جس میں صنعتی ترقی اور کاروباری شخصیات کی تجاویز سے متعلق جائزہ لیا۔
نج ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے جہاز میں ہونے والے اجلاس میں کراچی میں کاروباری آسانیوں سے متعلق بریفنگ بھی لی ۔وزیر اعظم نے کراچی میں ایکسپورٹ صنعتوں کو مراعات دینے سے متعلق تجاویز بھی لیں ۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے پہلے ایک روزہ دورے پر صوبائی دارالحکومت کراچی پہنچ گئے ، جہاں انہوں نے بابائے قومؒ کے مزار پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔
خصوصی پرواز نے شارع فیصل پر پاکستان ائیر فورس کے فیصل ائیر بیس پر لینڈ کیا جہاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا،فیصل ائیر بیس سے وزیراعلیٰ سندھ وزیراعظم کو ہیلی کاپٹر میں لے کر وزیراعلیٰ ہاؤس کے لیے روانہ ہوئے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کے قریب ہیلی پیڈ پر چیف سیکرٹری سندھ اور انسپکٹر جنرل پولیس سندھ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔









