بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سربراہ ماس موومنٹ فریدہ بہن کی طرف سے امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارک باد

مظلوم کشمیریوں کو خوشی کے لمحات میں یاد رکھاجائے ،فریدہ بہن جی
کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کے بعدہی حقیقی معنوں میں عیدمنائیںگے ،سینئر حریت رہنما کا پیغام

سرینگر: مقبوضہ جموں وکشمیر میں ماس موومنٹ کی چیرپرسن اور کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنما فریدہ بہن جی نے عید الفطر کے موقع پر امت مسلمہ کو بالعموم اور جموں و کشمیر کے عوام کو بالخصوص عید الفطرکی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی حقیقی طوراس روز عید ہوگی جب وہ بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کریں گے ،کشمیری عوام عیدالفطر سادگی سے منائیں اوراپنی خوشیوں میں شہدا اور نظربندکشمیریوں کے اہل خانہ کو شامل کریں ۔ عیدالفظر کے موقع پر اپنے پیغام میں فریدہ بہن نے کہا کہ اگرچہ عید خوشیوں اور اللہ تعالی کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے و رحمتوں کا دن ہے لیکن کشمیری اب تک بھارتی قابض فوجیوں کے مظالم اور ظالمانہ رویے کی وجہ سے اس دن کی حقیقی خوشیوں سے محروم ہیں۔کشمیریوں کی عزت ،جان،وقار، شناخت اور ثقافت کوسنگین خطرہ لاحق ہے تاہم بدقسمتی سے اقوام متحدہ، عالمی طاقتوں اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے مقبوضہ کشمیرکی سنگین صورتحال پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ،انہوں نے کہا کہ عید شہدا کے ورثائ، بے سہارا اور یتیم افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن بھی ہے، ہمیں شہدا کے اہل خانہ کو نہیں بھولنا چاہیے جنہوں نے موجودہ جدوجہد میں اپنی جانیں نچھاور کیں اور ہمیں ان پرمسرت لمحات میں ان شہدا کے لواحقین اور جیلوں میں قیدکشمیری رہنماوں و کارکنوں کے خاندانوں کو اپنے ساتھ شریک کرنا چاہیے ، کشمیری عوام کی حقیقی عید اسی روز ہوگی جس دن وہ بھارت کی غلامی سے آزادی حاصل کرلیں گے۔انہوں نے علمائے دین اور آئمہ مساجد سے بھی اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی اور شہدا کشمیر کے لئے خصوصی دعائیں کرائیں۔۔ انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ کشمیریوںکو بھارتی ریاستی دہشت گردی سے بچانے کیلئے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے۔ ماس موومنٹ کی سربراہ نے عوام سے عید سادگی اور اسلامی اصولوں کے مطابق منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر میں یتیموں، بیواں اور معاشرے کے غریب طبقے کو لوگوں کوخو شیوںمیں شامل کیا جائے ۔