مظفرآباد(نیوز ڈیسک )وزیرِ اعظم آزاد جموں کشمیر کے انتخاب کے سلسلے میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس اب سے کچھ دیر بعد ہو گا۔
وزیرِ اعظم عبدالقیوم نیازی کے استعفے کے بعد آزاد کشمیر اسمبلی کے اجلاس میں تحریکِ عدم اعتماد کی کارروائی نہیں ہو گی بلکہ نئے قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے کارروائی ہو گی۔
تحریکِ انصاف کی جانب سے سردار تنویر الیاس کو وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے جبکہ اپوزیشن کے امیدوار کا نام ابھی سامنے نہیں آ سکا ہے۔
وزارتِ عظمٰی کے لیے باقاعدہ الیکشن کرائےجائیں گے، ایوان کی اکثریتی رائے سے اسپیکر آج ہی ووٹنگ کرا سکتے ہیں۔
ماضی میں جب دو سابق وزرائے اعظم راجہ فاروق حیدر اور سردار یعقوب خان تحریکِ عدم اعتماد کے نتیجے میں مستعفی ہوئے تھے تو ان دو سابق وزرائے اعظم کی معطلی پر اسپیکر نے اسی روز ووٹنگ کرائی تھی۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں 14 ویں وزیرِ اعظم کا انتخاب کیا جائے گا، پاکستان تحریکِ انصاف 32 ارکان کے ساتھ ایوان میں سرِ فہرست ہے۔
وزیرِ اعظم کے انتخاب کے لیے 27 ارکان پر مشتمل سادہ اکثریت سے انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
سردار سکندر حیات، سردارعتیق احمد خان اور راجہ فاروق حیدر خان دو دو مرتبہ آزاد کشمیر کے وزیرِ اعظم رہ چکے ہیں۔
آزاد کشمیر کے وزیرِ اعظم کا انتخاب آئین کے آرٹیکل 13 کے تحت عمل میں لایا جائے گا۔
وزیرِ اعظم کے انتخاب کے بعد نو منتخب اور سابق وزیرِ اعظم ایوان سے خطاب کریں گے۔









