کینیڈا نے مبینہ طور پر اندرونی معاملات میں مداخلت اور قانون ساز ممبر کو نشانہ بنانے کے الزام میں ایک چینی سفارتکار کو ملک بدر کر دیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق کینیڈا نے ٹورنٹو میں مقیم چینی سفارت کار ژاؤ وی کو ایک انٹیلی جنس رپورٹ کے بعد ملک بدر کیا۔

کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ چینی سفارتکار ژاؤ وی نے چین کی پالیسیز پر تنقید کرنے والے کینیڈا کے قانون ساز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانیا جولی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم اپنے اندرونی معاملات میں کسی بھی قسم کی غیر ملکی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے۔
Canada has decided to declare persona non grata, Mr. Zhao Wei. pic.twitter.com/rZXeNTtdV4
— Mélanie Joly (@melaniejoly) May 8, 2023
انہوں نے کینیڈا میں مقیم سفارت کاروں کو متنبہ کیا کہ اگر وہ اس قسم کے رویے میں ملوث پائے گئے تو انہیں گھر بھیج دیا جائے گا۔
دوسری جانب چینی حکومت نے کینیڈا کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنے سفارت کار کو ملک بدر کرنے پر مذمت کی ہے۔
چینی سفارتخانے نے کینیڈین حکومت سے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ چین کینیڈا کے اس عمل کا سختی سے جواب دے گا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی خارجہ پالیسی کے سابق مشیر پروفیسر رولینڈ پیرس کا کہنا ہے کہ کینیڈین حکومت کے اقدامات پر چین بھی کینیڈا کے ایک سفارت کار کو ملک بدر کرسکتا ہے۔








