اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے ایک جائزہ رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں شروع کیے گئے بڑے منصوبوں کی کامیابی کی شرح کو بہتر قرار دے دیا گیا ۔ ایکسپریس نیوز سے معلوم ہوا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ گزشتہ 3 سال کے دوران پاکستان میں منصوبوں کی کامیابی کی شرح بہتر ہوئی ہے ، اے ڈی بی نے یہ بات انڈیپنڈنٹ ایویلیوایشن شعبہ کی ’سالانہ ایویلیوایشن رپورٹ 2022‘ میں بتائی ، جس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران منصوبوں کی کامیابی کی شرح میں 6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خطے کے بعض بڑے ممالک میں بڑے منصوبوں کی کامیابی کی شرح میں اضافہ ہوا ، جن میں پاکستان بھی شامل ہے جہاں سال 2018ء سے 2020ء میں یہ شرح 58 فیصد تھی جب کہ سال 2019ء سے 2021ء کے لیے بڑے منصوبوں کی کامیابی کی شرح 64 فیصد تک بڑھ گئی اور اس عرصے کے لیے وسطی اور مغربی ایشیا کے ممالک میں منصوبوں کی کامیابی کی شرح 66 فیصد ریکارڈ کی گئی۔دوسری طرف عالمی بینک نے ایشیائی ممالک سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے، جس سے معلوم ہوا ہے کہ رواں سال پاکستان کی معاشی شرح نمو میں کمی کا امکان ہے، رواں سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 4.3فیصد رہنے کا امکان ہے، گزشتہ مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 5.6 فیصد رہی، پاکستان کیلئے انرجی شعبے میں سبسڈی بڑا چیلنج ہے، خطے میں پاکستان میں انرجی پرسب سے زیادہ سبسڈی دی جارہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق روس یوکرین جنگ کے باعث جنوبی ایشیاء میں معاشی شرح نموسست روی کا شکار ہے، اس سال جنوبی ایشیاء میں گروتھ 6.6 فیصد رہنے کی پیشگوئی ہے، بھارت کی شرح نمو8 فیصد، بنگلادیش 6.4 فیصد، مالدیپ کی گروتھ6.7 فیصد رہے گی، نیپال میں شرح نمو3.7، بھوٹان4.4، سری لنکا 2.4 شرح نمو رہنے کا امکان ہے۔
عمران خان کے دور حکومت میں بڑے منصوبوں کی کامیابی کی شرح بہتر قرار








