لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )پارلیمانی لیڈر و جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب میں اگر تھوڑی سی بھی شرم و حیاء ہے تو مستعفی ہوں۔سید حسن مرتضیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نام نہاد گورنر پنجاب کے عوام پر اپنا فیصلہ مسلط نہیں کر سکتا، فسادی اور انتشاری ٹولا ملک میں فساد برپا کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب میں اگر تھوڑی سی بھی شرم و حیاء ہے تو مستعفی ہوں۔ جو آئین کہتا ہے صدر ہو یا گورنر وہ اس پر عمل کے پابند ہیں، یہ ڈرامہ باز، ڈھونگی اور فسادی زیادہ دیر من مانی نہیں کر سکتے۔ حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ آئین و قانون کے راستے میں دیر ہے اندھیر نہیں، اگر گورنر آئینی ذمہ داریاں پوری نہ کرے تو وفاق اسے برطرف کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو حلف دینے سے انکار کرنا آئین و قانون کے منافی اور عدالت کے فیصلے کی توہین ہے۔ حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں سیاسی عدم استحکام عوام کے مفاد میں نہیں ، صدر مملکت وزیراعظم کے مشورے کے پابند ہیں براہِ راست کوئی کام نہیں کر سکتے۔پارلیمانی لیڈر و جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضیٰ کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف مفاداتی چپقلش کی خاطر ملک کو فسطائیت کی راہ پر ڈالنا چاہتی ہے، ایوان کا تقدس پامال کرنے پر تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کا کڑا مواخذہ ہونا چاہیے۔
گورنر پنجاب میں اگر تھوڑی سی بھی شرم و حیاء ہے تو مستعفی ہوں، حسن مرتضیٰ








