اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) دفتر خارجہ نے افغان سرزمین سے پاکستان میں کارروائیاں کرنے والے دہشت گردوں کی ایک بار پھر شدید مذمت کرتے ہوئے افغان حکومت سے پاک – افغان سرحدی علاقے کو محفوظ بنانے کی درخواست کی ہے۔پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر حالیہ واقعات کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ چند روز میں پاک ۔ افغان سرحد پر واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس میں سرحد پار سے پاکستانی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد افغان سرزمین کو پاکستان کے اندر کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں، پاکستان نے گزشتہ چند ماہ میں بارہا افغان حکومت سے پاک ۔ افغان سرحدی علاقے کو محفوظ بنانے کی درخواست کی ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ طویل مشترکہ سرحد پر مؤثر رابطہ کاری اور سیکیورٹی کے لیے پاکستان اور افغانستان متعلقہ اداروں کے ذریعے گزشتہ کئی ماہ سے مصروف عمل ہیں۔
پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین استعال ہونے کی ایک بار پھر مذمت








