تل ابیب/ قاہرہ (نیوز ڈیسک) اسرائیل کے ساحلی شہر تل ابیب سے مصر میں بحیرہ احمر کے سیاحتی مقام شرم الشیخ کے لیے پہلی براہ راست فضائی سروس کا آغاز ہو گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی قومی فضائی کمپنی ال آل نے بتایا ہے کہ یہ فلائٹ۔ 5193 تل ابیب کے بن گورین ائیرپورٹ سے ا?ج صبح سات بجکر 15 منٹ GMT پر روانہ ہوئی۔
قبل ازیں اسرائیلی ساحلی شہر تل ابیب سے قاہرہ کے درمیان طویل عرصے سے براہ راست پروازیں چل رہی ہیں۔ واضح رہے کہ مصر 1979 میں اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کرنے والا پہلا عرب ملک ہے اور دونوں ممالک نے حال ہی میں اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے جون میں اقتدار میں آنے کے بعد دو مرتبہ مصر کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے ستمبر میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔اکتوبر کے شروع میں مصر کے قومی کیریئر مصر ایئر کے لوگو کے ساتھ ایک طیارہ پہلی بار اسرائیل میں اترا تھا۔
اس فضائی سروس کو اسرائیل ایئرپورٹ اتھارٹی نے ‘تاریخی’ قرار دیا تھا۔اس سے قبل اسرائیل کے لیے مصری پروازیں پرائیویٹ فضائی سروس ایئر سینائی کے ذریعے چلائی جاتی تھیں جو خصوصی طور پر اسرائیل کے روٹ کے لیے ہوتی تھی۔ان تمام فلائٹس پرمصر کا قومی پرچم آویزاں نہیں ہوتا تھا۔واضح رہے کہ مصر میں کچھ لوگ یہودی ریاست اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی مخالفت کرتے رہتے ہیں۔2020 تک مصر اور اردن فقط دو عرب حکومتیں تھیں
جو اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر رکھتی تھیں۔بعدازاں ان میں بحرین، مراکش اور متحدہ عرب امارات بھی شامل ہوگئے جو اب اسرائیل کے لیے براہ راست فضائی سروس بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔









