ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں نئے مقرر ہونے والے پاکستان کے سفیر احمد فاروق سے مسلم لیگ ن کے وفد نے ملاقات کی ہے جس میں کمیونٹی اور ورکرز کو درپیش مسائل پر گفتگو کی گئی۔ مسلم لیگ ن سعودی عرب کےصدر شیخ سعید کی قیادت میں مسلم لیگ کے وفد نے احمد فاروق کو سعودی عرب میں سفیر مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر مسلم لیگی اراکین نے سفیر پاکستان کو سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی سکولز میں مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ دارالحکومت ریاض سمیت سعودی عرب بھر میں دس کمیونٹی سکولز ہیں جن کے بے شمار مسائل ہیں جن کو دور کرکے پاکستانی طلباء کو بہتر طور پر تعلیمی ماحول سے آراستہ کیا جاسکتا ہے اسکے علاوہ ورکرز کو درپیش مسائل کو بھی بروقت حل کرنے کی اشد ضرورت ہے جبکہ پاک سعودی تجارتی سرگرمیوں کو فعال بنانے کی ضرورت ہے تاکہ سعودی عرب جیسی بڑی مارکیٹ میں پاکستانی اشیاء کی مانگ کو بڑھایا جائے جس پر سفیر پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ یہ اہم مسائل ہیں جن کو حل کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی۔ ملاقات میں مسلم لیگ ن سعودی عرب کے سینئرنائب صدر محمود الحق ڈوگر، جی ایم اعوان، ڈاکٹر کنول، احسن مسعود اور دیگر شریک تھے۔
سعودی عرب میں نئے پاکستانی سفیر احمد فاروق سے مسلم لیگ ن کے وفد کی ملاقات ،کمیونٹی اور ورکرز کو درپیش مسائل پر گفتگو








