بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئین اور قانون کی بالادستی ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے: اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ا سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے وکلا برادری کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ ملک میں قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں پیپلز لائرز فورم گوجر خان کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گوجر خان میں وکلاء برادری کو درپیش مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ گوجر خان کی وکلاء برادری کی حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری سول سوسائٹی کا اہم حصہ ہے اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے میں ان کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے وکلاء برادری پر زوردیا کہ وہ عوام کو انصاف کی فوری فراہمی کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں۔ پیپلز لائرز فورم گوجر خان کے صدر راجہ ظہور منظور اور وفد کے شرکاء نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو پاکستان کی قومی اسمبلی کے بلا مقابلہ 22 ویں سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ گوجر خان کے عوام کے لیے فخر کا مقام ہے کہ خطے پوٹھوہار سے تعلق رکھنے والے زیرک سیاستدان راجہ پرویز اشرف اس معزز ایوان کے اسپیکر منتخب ہوئے ہیں۔انہوں اس امید کا اظہار کیا کہ بطور وہ ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی اور غیر جانبداری سے چلانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے سپیکر راجہ پرویز اشرف سے درخواست کی کہ وہ گوجر خان بار ایسوسی ایشن کا دورہ کریں۔