پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار آغا علی نے پاکستان میں خواتین کو درپیش سب سے بڑے مسئلے کے بارے میں بتا دیا۔
حال ہی میں آغا علی ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شریک ہوئے اور زندگی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بات کرنے کے علاوہ ملک کے مسائل پر بھی اپنی رائے کا اظہار کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان کے کئی شہروں کا سفر کیا ہے اور اس دوران ملک کے ایک سب سے بڑے مسئلے کو محسوس کیا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک کا ایک اہم مسئلہ یہ ہے کہ ہماری خواتین محفوظ نہیں ہیں کیونکہ میں نے دوران سفر غور کیا تو مجھے کوئی بھی خاتون اکیلی سفر کرتی دکھائی نہیں دی۔
آغا علی کا کہنا ہے کہ ہم ہمیشہ ایک محفوظ اور قدامت پسند معاشرہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن ہماری خواتین ایک شہر سے دوسرے شہر یا کہیں بھی اکیلے نہیں جا سکتیں کیونکہ وہ خود کو محفوظ محسوس نہیں سمجھتیں۔
اُنہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ہمارے ملک کےحالات بہتر ہوں اور خواتین اکیلے سفر کرتے ہوئے بھی خود کو محفوظ محسوس کریں۔









