بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عیدالاضحیٰ، سینما گھروں میں کونسی فلمیں لگائیں گی رونق؟

رواں سال عیدالضحیٰ کے موقع پر  چھ، سات مختلف نوعیت کی فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں گی۔

ٹیلی ویژن ڈراموں کے نامور فن کار، پردۂ سیمیں پر نظر آئیں گے جن کی پرفارمنس دیکھنے کے لیے شائقینِ فلم بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔

تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی تین سے زیادہ فلمیں ایک ساتھ ریلیز کی گئیں تو کسی ایک کو بھی فائدہ نہیں پہنچا اور فلم انڈسٹری مختلف مسائل کا شکار ہوگئی۔

ان باتوں کے برعکس، انڈسٹری کے لیے اُمید اور خوشی کی بات یہ ہے کہ نئے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر فلموں کی جانب آرہے ہیں، جس کی وجہ سے سینما گھروں کے بڑے پردے پرنیا ٹیلنٹ دیکھنے کو ملے گا، نئے چراغ جلیں گے تو اُجالا ہوگا۔

اس مرتبہ عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کے لیے کچھ پُرانے اور نئے فلم ساز، ڈائریکٹر اور فن کار میدان میں اترے ہیں۔

شائقین فلم ایک ٹکٹ میں مہوش حیات، آمنہ الیاس، رمشا خان، وہاج علی، شہریار منور، زاہد کے جلوے دیکھ سکیں گے اور تینوں مختصر دورانیے پر بنی فلموں کو ’تیری میری کہانیاں‘ کے عنوان سے پیش کیا جا رہا ہے۔

معروف ہدایت کار نبیل قریشی نے سی پرائم کے پلیٹ فارم سے ایک ڈرائونی فلم ’’جِن محل‘‘ کے نام سے بنائی ہے، اس فلم کے نمایاں فن کاروں میں ڈراموں کی مشہور اداکارہ حِرا مانی اور ان کے شوہر سلمان ثاقب شیخ عرف مانی ایکشن اور خوف ناک کردار میں نظر آئیں گے، ’’جِن محل‘‘ کو نبیل قریشی نے شان دار انداز میں فلمایا ہے، یہ فلم دیکھنے والوں کو کبھی ہنسنے پر اور کبھی رونے پر مجبور کرے گی۔

اسی فلم کے ساتھ ڈراموں کی نامور اداکارہ مرینہ خان کی ڈائریکشن میں بننے والی پہلی فلم ’’پسوڑی‘‘ میں نئی نسل کی خُوب صورت اداکارہ رَمشا خان اور شہریار منور مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

اس فلم کی کہانی ایسی لڑکی کی ہے، جو بچپن ہی سے گلوکارہ بننا چاہتی ہے، فلم کے ٹریلر میں رمشا خان اور شہریار منور بہت خُوب صورت لگ رہے ہیں، امید ہے مرینہ خان ڈراموں کی طرح فلموں میں بھی اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے کام یابی حاصل کریں گی۔

ایک ٹکٹ میں شائقینِ فلم تیسری فلم ’’123 واں‘‘ کے عنوان سے دیکھیں گے, اسے نامور رائٹر خلیل الرحمن قمر نے لکھا ہے اور ڈائریکشن ندیم بیگ نے دی ہے، ’’جوانی پھر نہیں آنی، پنجاب نہیں جاؤں گی اور دیگر ٹی وی ڈرامے ندیم بیگ کی ہدایتکاری میں ہی بنے ہیں۔‘‘ ،  مہوش حیات اور وہاج علی کو ندیم بیگ نے ’’123واں‘‘ کے مرکزی کرداروں کے لیے کاسٹ کیا ہے۔

وہاج علی اور مہوش حیات میں عمروں کا کافی فرق ہے، لیکن انہوں نے کہانی کے مطابق ان فن کاروں کو کاسٹ کیا ہے، وہاج علی کی شہرت ان دِنوں آسمان پر ہے، جس کا فائدہ فلم کو پہنچے گا۔

دوسری جانب سپر ماڈل اور فلم اسٹار آمنہ الیاس اور فلم ’’گبھرانا نہیں ہے‘‘ کے ہیرو زاہد احمد بھی جلوہ افروز ہوں گے۔

واضح رہے کہ سی پرائم نے75برسوں میں پہلی بار تین فلموں کا تجربہ کیا ہے، اس سلسلے میں ان کو کتنی کام یابی حاصل ہوگی، اس کا فیصلہ وقت کرے گا۔