اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اقبال کا تصورِ قومیت قوم کو ٹھوس بنیادیں فراہم کرتا ہے۔تفصیلات کے مطابق شاعرِ مشرق علامہ اقبال کے یومِ وفات کے موقع پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ یومِ وفات کے موقع پر شاعرِ مشرق جناب اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقبال کا فلسفۂ خودی مسلم اُمّہ خصوصاً ملتِ پاکستان کے خوددار مستقبل کا نسخہ ہے، برصغیر میں غلامی کے اندھیروں سے نجات میں اقبال کے فلسفۂ خودی کا کلیدی کردار ہے، اقبال کا تصورِ قومیت قوم کو ٹھوس بنیادیں فراہم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منظم اور مربوط انداز میں تصوراتِ اقبال کو مدہم، آئندہ نسلوں کو ان سے بیگانہ کرنے کی کوشش کی گئی، اقبال کے فلسفۂ خودی اور تصورِ قومیت سے آراستہ قوم کو غلام نہیں بنایا جاسکتا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نوجوانوں میں احساسِ خودی کے احیاء کیلئے کوشاں ہے، ملت اسلامیہ خصوصاً برصغیر کے عظیم مفکر کی بلندئ درجات کیلئے دعا گو ہیں۔
اقبال کا تصورِ قومیت قوم کو ٹھوس بنیادیں فراہم کرتا ہے، عمران خان








