بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نواز دورکے منصوبے روکنے پرسابق حکمرانوں سے تحقیقات ہوںگی،مولانااسعد محمود

اسلام آباد(محمداکرم عا بد) وفاقی وزیرموصلات مولانا اسعدمحمودنے کہا ہے کہ سابقہ حکومت کی جانب سے نوازشریف دورکے مواصلات کے منصوبوں کو زیرالتوا رکھنے کی تحقیقات ہوں گی،ذمہ داران کاتعین اور ان کےخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، متعلقہ حکام کو اس بارے میں ہدایات جاری کردی ہیں، پسماندہ علاقوں کے منصوبوں کوترجیح دی جائے گی، میرٹ پر یقین رکھتے ہیں،ہم سے کوئی رولزکے برعکس کسی کام کی توقع نہ رکھے ۔وزیرمواصلات جمعرات کو اسلام آباد میں ’’روزنامہ ممتاز ‘‘سے بات چیت کررہے تھے۔
مولانا اسعدمحمودنے کہا کہ سابقہ حکومت نے نوازشریف دورکے مواصلات کے منصوبوں پر جان بوجھ کر سست روی سے کام کیا، سیاسی مقاصدکے حصول کےلئے پسماندہ علاقوں سمیت ترقی سے محروم کئی اضلاع کے منصوبوں پرکام روک دیا گیا تھا ،ان منصوبوں کو فنڈز سے محروم رکھا گیا کئی بار ہم نے باقاعدہ اس کی نشاندہی بھی کی ۔ مولانا اسعدمحمودنے کہا ہے کہ نوازشریف دورکے ان منصوبوں پرکام کی بندش کا نوٹس لیا گیا ہے، ذمہ داران کا تعین ہوگا اور قانون کے مطابق متعلقہ افسران کو جواب دہ بنایا جائے۔ اس ضمن میں سیکرٹری سمیت این ایچ اے حکام کو ہدایات جاری کردی ہیں، جاری منصوبوں سمیت وزارت کے تمام ترقیاتی بجٹ کے استعمال کا ریکارڈ مانگ لیا گیا ہے ۔ مواصلات کے منصوبوںکے حوالے سے مجھے پبلک اکائونٹس کمیٹی کے بعض ارکان کا بھی تعاوں حاصل رہے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ گڑبڑکا بروقت نوٹس لیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ہم صاف دامن کے ساتھ آئے ہیں صاف دامن کے ساتھ واپس جانا چاہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ یقیناً نئے منصوبوں پر بھی شروع ہوگا ، نئے مالی سال کے مجوزہ ترقیاتی بجٹ پر بریفنگ مانگ لی ہے ۔زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوںکا جائزہ لیا جائے گا ۔ سرفہرست پسماندہ علاقوںکے منصوبے ہوںگے۔
وزیر مواصلات نے بتایا کہ وزارت اور اس کے ذیلی اداروں کے حسابات سے متعلق جانچ پڑتال کی رپورٹس بھی طلب کر لی ہیں، اسی طرح پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر جاری کام کے حوالے سے بھی بریفنگ کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا پوری قوم جانتی ہے کہ تحریک انصاف کے دور میں سی پیک کے منصوبوں پر بھی کام کی رفتارکو سست کر دیا گیا تھا ، پارلیمنٹ، جلسے جلسوں ، پریس کانفرنسوں ، عوامی اجتماعات میں ہم نے اس کی نشاندہی بھی کی ۔سابق حکومت نے ملک و قوم کے مفادکے برعکس منصوبوںکے حوالے سے جو اقدامات بھی کئے انہیں منظر عام پر لائیں گے تاہم ایسا سب کچھ ضابطے کے مطابق ہوگا ، ادارے بھی موجود ہیں، وزارت کے افسران کوکہا ہے کہ کوئی نااہلی برداشت نہیںکی جائے گی ،معاملات کو ٹھیک کرنا ہے ، دور دراز کے علاقوں کے عوام کو ہم سے بہت زیادہ توقعات ہیں، میرے پاس ایسے اضلاع کی سڑکوں کی تفصیلات موجود ہیں جن کی نوے فیصد سڑکیں آمدورفت کے قابل نہیں ہیں ۔ ہم نے کام شروع کر دیا ہے ،قوم ہمارے پارٹی منشور سے بھی آگاہ ہے، منصوبوں میں شفافیت کوسب محسوس کریں گے ، ہمیں وقت دیں، عوام کی توقعات پر پورا اترنے کےلئے اپنی تمام تر صلاحیت کو بروئے کار لائوں گا ۔ انہوں نے کہاکہ مواصلات کے منصوبوں کے حوالے سے اتحادی جماعتوں سے بھی تجاویز لی جائیں گی اور ان کے تحفظات کو بھی دورکیا جائے گا ۔