پاکستان کی خوبرو اداکارہ زارا نور عباس ان دنوں بلاک بسٹر ڈرامہ ’جنون’ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں۔
اداکارہ نے ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جس میں انہوں نے اپنی زندگی کے نشیب و فراز کے بارے میں کھل کر بات کی ۔
زارا نور نے جہاں زندگی میں درپیش رکاوٹوں اور تکلیفوں کا بتایا وہیں انہیں روحانی سفر کی بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوتے بھی دیکھا گیا۔
زارا نور نے ان لمحات کو یاد کیا جس کی بدولت وہ اللہ کے قریب سے قریب تر ہوتی چلی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب انہیں احساس ہوا کہ میں دین سے کتنی دور تھی، اس وقت صدمے کے باعث ذہنی تناؤ کا شکار تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی کیفیت میں جب اللہ کی جانب رجوع کیا تو اس نے اکیلا نہیں چھوڑا اس نے مضبوطی سے میرا ہاتھ تھاما اور مجھے اس کیفیت سے نکلنے کا حوصلہ دیا، اُس نے مجھے میرے تصور سے بہت زیادہ نوازا ہے۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ اللہ پاک نے قرآن کو ایک بہت ہی خوبصورت طریقے سے ڈیزائن کیا ہے جس میں ہر ایک سورۃ ہمیں ایک نیا سبق دیتی ہے۔
زارا نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے کی یہ سوچ بن گئی ہے کہ بس ایک خاص طبقہ اور پروفیشن سے تعلق رکھنے والا ہی ٖصرف دین کی بات کرسکتا ہے اگر کسی شوبز سے تعلق رکھنے شخص نے دین سے متعلق بات کہہ دی تو معیوب سمجھا جاتا ہے۔









