کراچی: پاکستان شوبز کی خوبرو اداکارہ حرا مانی کا کہنا ہے کہ انہوں نے فلم تیری میری کہانیاں کیلئے انکار کرنے کا سوچ لیا تھا۔
حال ہی میں ملٹی ڈائریکٹرز فلم تیری میری کہانیاں سے سلور اسکرین پر ڈیبیو کرنے والی اداکارہ حرا مانی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ فلم میں 3 بچوں کی ماں کا کردار کرنے کا سُن کر مایوس ہوگئی تھیں۔
حرا مانی نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے سوچ رکھا تھا کہ ان کا فلموں میں ڈیبیو بےحد شاندار اور گلیمر سے بھرپور ہوگا تاہم ایسا نہ ہو سکا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے فلم کیلئے انکار کرنے کا سوچ لیا تھا جب انہیں معلوم ہوا کہ ان کو اس فلم میں 3 بچوں کی ماں کا کردار ادا کرنا ہے تاہم ان کے شوہر مانی نے انہیں فلم کیلئے راضی کیا۔
حرا مانی نے بتایا کہ جب وہ فلم کے پہلے سین کیلئے تیار ہوئیں اس وقت بھی بہت مایوس تھیں مگر ان کے شوہر نے انہیں سمجھایا کہ انہیں اس فلم میں اداکاری اور ٹیلنٹ دکھانے کا مارجن مل رہا ہے۔
حرا کا کہنا تھا کہ فلم کی شوٹنگ کا آغاز ہوا تو مزہ آنے لگا جبکہ ہدایتکار نبیل قریشی نے انہیں بےحد سپورٹ کیا۔
یاد رہے کہ فلم ’تیری میری کہانیاں‘ عیدالضحیٰ پر پاکستان کے سنیما گھروں میں پیش کی گئی ہے جس کو شائقین کی جانب سے سراہا جارہا ہے۔
فلم میں مہوش حیات، وہاج علی، آمنہ الیاس، حرا اور مانی، رمشا خان اور شہریار منور نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔









