پاکستان کی تاریخ کا بلاک بسٹر ، اور ریٹینگ کے تمام ریکارڈ توڑنے والا ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ کے مداحوں کیلئے خوشی کی خبر آگئی۔
پروڈیوسر عبد اللّٰہ کادوانی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ڈرامے کی شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کے ساتھ بڑی خوشخبری شیئر کی۔
عبد اللّٰہ کادوانی کی جانب سے جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ کے سیکوئل کا باضابطہ اعلان کردیا گیا۔
عبد اللّٰہ کادوانی نے انٹرٹینمنٹ کی تاریخ میں پہلی بار سنگِ میل طے کرنے والے ڈرامے کے سیزن 2 کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ’’تیرے بن کو پاکستانی ڈراموں کی تاریخ کا سب سے بڑا بلاک بسٹر بنانے پر ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔تیرے بن کی کامیابی ،محنت اور جذبے کا نتیجہ ہے۔ اسد قریشی اور میں اپنی تخلیق کی محبت کے لیے دنیا بھر کے سامعین کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں “
انکا مزید کہنا تھا کہ “ہمارے لیڈز وہاج علی اور یمنیٗ زیدی کی آن اینڈ آف اسکرین کیمسٹری پر غیر معمولی پرفارمنس نے تیرے بن کو ایک شاہکار بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے جس نے اربوں ناظرین کے دلوں کو چھو لیا ہے اور دنیا بھر میں اسے سراہا گیا ہے۔”
“ہم اپنے ناقابل یقین ڈائریکٹر، مصنف، ٹیم جیو اور ہر اس فرد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے تیرے بن کو ایک شاہکار بنانے کے لیے اپنے دل و جان سے کام کیا۔ آپ کی محنت اور جذبے نے پاکستانی ڈراموں کے دائرے میں ایک نیا معیار قائم کیا ہے،
انکا کہنا تھا کہ ہم یہ اعلان کرتے ہوئے بہت پُرجوش ہیں کہ ہم تیرے بن سیزن 2 شروع کریں گے! مزید دلچسپ اپ ڈیٹس اور تفصیلات کے لیے جڑے رہیں’۔
اداکارہ یمنیٗ زیدی نے بھی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’”تیرے بن” کی سب سے بڑی اور ریکارڈ توڑ کامیابی پر بہت بہت مبارک ہو۔’
واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل’تیرے بن‘ ناصرف پاکستان بلکہ ہندوستان اور بنگلہ دیش سمیت دنیا کے متعدد ملکوں کی اسکرینوں پر راج کرنے کے بعد اختتام پذیر ہوگیا ہے۔









