بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سعودی عرب کی مدد کے اثرات، امریکی ڈالر کی قدر میں بڑی کمی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب سے دو ارب ڈالرز سٹیٹ بینک میں ڈیپازٹ کیے جانے کے اثرات سامنے آنے لگے، امریکی ڈالر کی قدر میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔
سٹیٹ بینک ٓآف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 1 روپیہ 23 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کا بھاؤ 279 روپے 80 پیسے سے کم ہو کر 278 روپے 57 پیسے ہو گیا ہے۔
مرکزی بینک کے مطابق امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.44 فیصد کی بحالی دیکھی گئی ہے۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 1 روپے سستا ہوکر 282 روپے پر آگیا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے کے درمیان ہونے والے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے کے تحت پہلے حصے میں سعودی عرب سے دو ارب ڈالرز موصول ہوئے ہیں، آئندہ چند روز کے دوران چین، قطر، یو اے ای سے بھی اربوں ڈالرز موصول ہوں گے جس کے باعث امریکی ڈالر کی قدر میں مزید گراوٹ دیکھنے کو ملے گی۔
ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے سے بھی جلد 3 ارب ڈالر میں سے پہلی قسط کے ایک ارب ڈالر جلد مل جائیں گے اس طرح پاکستان کی عالمی ادارے کو یقین دہانی بھی پوری ہو جائیگی جس کے مطابق رواں ماہ کے دوران اپنے زر مبادلہ کے ذخائر ہر حال میں 15 ارب ڈالر کرنا ہیں۔
ماہرین اس بات پر بھی زور دے رہے ہیں کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 250 روپے سے نیچے آ سکتی ہے۔ جس کے باعث درآمدات کی جانے والی چیزوں کی قیمتوں میں بھی کمی آئیگی جس میں سرفہرست پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہیں۔
خیال رہے کہ چند ہفتے قبل ایک انٹرویو کے دوران وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی کہا تھا کہ روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی حقیقی قیمت 245 روپے کے قریب ہے۔