نوبل انعام یافتہ اورسماجی کارکن ملالہ یوسف زئی نے اپنے شوہر عصر ملک کے ہمراہ ومبلڈن مقابلوں میں شرکت کی تصاویر جاری کردیں۔
ملالہ یوسف زئی نے یہ تصاویر فوٹو اینڈ ویڈیو شئیرنگ ایپ انسٹاگرام پر شئیر کیں اور پوسٹ پر ’ایک خاتون اور اس کا کورٹ‘ بطور کیپشن لکھا۔
ملالہ نے مزید لکھا کہ ’برطانیہ میں رہنے کی ایک سب سے پسندیدہ بات میں سے ایک ومبلڈن ہے اور یہ ان کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے کہ انہیں یہاں اس اسٹائل میں کھیل دیکھنے کیلئے مدعو کیا گیا۔‘
انہوں نے ومبلڈن کے کورٹ میں ٹینس میچ دیکھنے کیلئے ایک پاکستانی روایتی لباس کا انتخاب کیا جسے معروف امریکی فیشن ڈیزائنر رالف لارین نے مخصوص مشرقی طرز میں تیار کیا۔
ملالہ نے سفید لانگ شرٹ کے ساتھ ٹراؤزر اور سفید دوپٹہ زیب تن کیا جبکہ اپنے لُک کو مزید دلکش بنانے کیلئے انہوں نے براؤن گلاسز، ہاتھوں میں چند سنہری بریسلیٹس اور انگوٹھیاں پہنیں۔
نوبل انعام یافتہ ملالہ کا ٹینس میچ دیکھنے کیلئے مشرقی طرز کا لباس زیب تن کرنا سب کو بے حد پسند آیا اور اپنی اسی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے مذکورہ پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں تعریفی جملے بھی لکھے۔








