بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم بجلی کی لوڈ شیڈنگ بڑھنے پر برہم،مئی تک نمایاں کمی کرنے کا حکم

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مئی تک لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔انہوں نے لوڈ شیڈنگ میں کمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی سخت ہدایت جاری کر دی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ سابق حکومت کی غفلت سے پیدا تکلیف سے شہریوں کوبچانے کی کوشش کریں، تیل و گیس کا بندوبست ہونے تک عبوری اقدامات کو بہتر بنایا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو جب تک اس عذاب سے نجات نہیں ملتی، اس وقت تک نہ میں چین سے نہیں بیٹھوں گا اور نہ کسی کو بیٹھنے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک میں اضافی بجلی کی وافر مقدار فراہم کی تھی لیکن عمران حکومت نے ایک نیا یونٹ شامل نہیں کیا۔
وزیراعظم نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بروقت ایندھن خریدا گیا نہ کارخانوں کی مرمت کی گئی، عمران نے ہمارے سستی اور تیز بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ بند کیے اور مہنگی و کم بجلی بنانے والے کارخانے استعمال کیے گئے، اس ظلم کی قیمت قوم کو ہر ماہ 100 ارب کی شکل میں ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ شہباز شریف نے کہا 6 ارب میں ایل این جی کا ایک جہاز مل رہا تھا لیکن اب ایل این جی جہاز قوم کو 20 ارب میں پڑ رہا ہے۔
شہباز شریف نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عمران کا یہ ظلم قوم کو اس سال 500 ارب سے زائد میں پڑے گا، توانائی کے شعبے کو تباہ کر کے معیشت دیوالیہ کرنے کی سازش کی گئی۔