سلمان خان یہ وہ نام ہے جن کے چاہنے والے صرف بھارت میں ہی نہیں پوری دنیا میں پائے جاتے ہیں۔ ان سے متعلق مشہور ہے کہ کروڑوں کے مالک ہونے کے باوجود بھی یہ انتہائی نرم دل کے مالک ہیں اور ہر کسی کے برے وقت میں اس کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں ۔
مگر کیا آپکو معلوم ہے کہ سب کے بھائی جان سلمان خان کو ان کی مشہور زمانہ فلم میں نے پیار کیا کا کتنا معاوضہ ملا تھا ؟
فلم میں نے پیار کیا میں سیما کا کردار نبھانے والی پروین دستور نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ بھاگیہ شری کو فلم کی مرکزی اداکارہ ہونے کی وجہ سے ڈیڑھ لاکھ روپے معاوضہ دیا گیا جبکہ سلمان خان کو صرف 31 ہزار روپے اور مجھے 25 ہزار روپے دیے گئے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ کم پیسوں پر کام کرتے ہوئے بھی ہمیں ایک بات کی خوشی تھی اور وہ خوشی یہ تھی کہ ہمارا چیک کبھی لیٹ نہیں ہوا تھا بلکہ وقت پر ہی ہمارے گھروں پر پہنچ جاتا تھا ۔ اس کے علاوہ یہ بھی ہماری انڈسٹری کی ایک حقیقت ہے کہ کچھ پروڈکشن ہاؤس والے ایسے بھی ہیں جو کام ہونے کے بعد معاوضہ دینے کا نام تک نہیں لیتے اور میں نے ایسے لوگوں کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔
اداکارہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مجھ سے میں نے پیار کیا کی پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے یہ کہا گیا آپ کا معاوضہ ایک شاہی معاوضہ ہے کیونکہ یہاں تو کئی اداکار ایسے بھی ہیں جنہیں یہ صرف ایک ہزار یا 2 ہزار ادا کرتے ہیں لیکن کم معاوضہ ادا کرنے کے باوجود بھی میں راج شری پروڈکشن کی تعریف کروں گی کیونکہ فلم شوٹنگ کے دوران اداکاروں کو بہترین کھانا دیا جاتا ، اچھا میک اپ کیا جاتا اور شوٹنگ کا ماحول بھی بہت دوستانہ تھا ۔
واضح رہے کہ فلم میں نے پیار کیا 29 دسمبر 1989 کو ریلیز ہوئی جس نے کامیابی کے جھنڈے گاڑھ دیے اور 280 ملین روپے کا کارو بار کیا ۔یہ 80 کی دہائی کی پہلی ایسی کامیاب فلم تھی جس نے سب سے زیادہ دولت اکٹھی کی۔









