اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں چینی اساتذہ پر خودکش حملے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اسلام آباد میں چینی سفارتخانے پہنچ گئے۔وفاقی وزرا رانا ثنااللہ، احسن اقبال، وزیرمملکت حنا ربانی کھر وزیراعظم کے ہمراہ تھیں۔ وزیراعظم نے چینی ناظم الامور سے ملاقات کی اور چینی باشندوں کی ہلاکت پر تعزیت کی جبکہ انہوں نے چین کے صدر کیلئے خصوصی تعزیتی پیغام بھی تحریر کیا۔وزیر اعظم نے کراچی دھماکے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر اپنے تاثرات لکھے اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پاکستانی سرزمین سے دہشت گردی کو ختم کریں گے، اپنے ‘ آئرن برادر پر وحشیانہ حملے پر پوری پاکستانی قوم صدمے میں ہے، پورا پاکستان چین کی حکومت، عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ واقعے کی تیزی سے تحقیقات کریں گے، مجرموں کو قانون کے مطابق عبرت کا نشان بنائیں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو کل کراچی پہنچنے کی ہدایت کردی ہے اور مجرموں کی گرفتاری اورسزا دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، چینی باشندوں کی جان لینے والوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکائیں گے۔
وزیراعظم کا چینی سفارتخانے کا دورہ،خودکش دھماکے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر تعزیت








